’ہیرا سیارہ‘ دریافت کرنے کا دعوٰی

مشتری (فائل فوٹو) تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption بظاہر یہ سیارہ مشتری سے چھوٹا دکھائی دیتا ہے

آسٹریلیا میں سائنسدانوں نے ایک ایسا نیا سیارہ دریافت کرنے کا دعوٰی کیا ہے جو ہیرے جیسے انتہائی کثیف مواد کا بنا ہوا ہے۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ سیارہ زمین سے چار ہزار نوری سال کے فاصلے پر واقع ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ کسی ایسے ستارے کی باقیات بھی ہو سکتی ہیں جو اپنی بیرونی پرت کھو چکا ہے۔

یہ سیارہ اب تک دریافت کیے جانے والے کسی بھی سیارے سے زیادہ کثیف ہے۔

بظاہر یہ سیارہ مشتری سے چھوٹا دکھائی دیتا ہے لیکن اس کی کمیت مشتری سے کہیں زیادہ ہے۔

اس سیارے کی کثافت کے بارے میں اندازہ یہ ہے کہ شدید دباؤ والے ماحول کی وجہ سے اس کے مرکز میں موجود کاربن قلمی شکل اختیار کرنے کے بعد ہیرے میں بدل گئی ہو گی۔