برطانیہ: شہابِ ثاقب سے لوگ خوفزدہ ہوگئے

شہاب ثاقب تصویر کے کاپی رائٹ SPL
Image caption محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آسمان میں چمکتی 'روشنی' شہاب ثاقب ہوسکتی ہے

برطانیہ میں شہابِ ثاقب گرنے سے لوگ خوفزدہ ہو گئے اور پولیس کی ہیلپ لائن پر کالوں کا تانتا بندھ گیا۔

برطانیہ میں پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں ملک کے مختلف حصوں سے شہریوں نے فون کر کے ایسی اطلاعات دی کہ انہوں نے آسمان میں شہاب ثاقب دیکھے۔

اطلاعات ہیں کہ آسمان میں روشنی اور آگ کے گولے جیسی چمک شمالی انگلینڈ اور سکاٹ لینڈ میں دکھائی دی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے مقامی وقت کے مطابق رات نو بج کر چالیس منٹ پر لوگوں نے آسمان پر ’چمکدار اور نارنجی روشنی‘ دیکھی۔ لوگ ڈر گئے کیونکہ انہیں لگا کہ کہیں کوئی ہوائی حادثہ ہوگیا ہے۔

برطانیہ کے محکمۂ موسمیات نے شوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ’رات میں اگر کسی کو بھی آسمان پر چمکدار روشنی دکھائی دے تو سمجھیے وہ شہاب ثاقب ہے۔‘

ڈرہم کی پولیس کا کہنا ہے کہ ائر ٹریفک کنٹرول روم نے اس بات کی تصدیق کی کہ کسی بھی ہوائی جہاز میں تکنیکی خرابی کی کوئی خبر نہیں ہے۔

شہاب ثاقب خلاء کے بعض مادے ہوتے ہیں جو زمین کے مدار میں داخل ہوتے ہیں تو ان میں آگ لگ جاتی ہے اور یوں وہ روشنی خارج کرتے ہیں اور آگ کے گولے جیسی شکل اختیار کرلیتے ہیں۔

ہیلنسربرگ میں رہنے والے ایڈیم ہیپورتھ نے بی بی سی کو بتایا ’میں دفتر سے واپسی میں اپنی کار میں بیٹھ رہا تھا تبھی میں نے آسمان میں روشنی کو آہستہ آہستہ چلتے دیکھا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ انہیں لگا کہ کہیں کوئی ہوائي حادثہ ہوگیا ہے۔ ’مجھے یہ بڑا عجیب لگا۔ میں کچھ لمحوں بیٹھ کر اس روشنی کو تکتا رہا۔‘

اس واقعہ کے بارے میں ہزاروں افراد نے ٹوئٹر پر لکھنا شروع کردیا۔ نورتھمبرلینڈ میں کیلڈر اوبزرویٹری کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک بڑے ’آگ کے گولے‘ کو شمال سے جنوب کی جانب جاتے دیکھا۔

اسی بارے میں