انٹیل کا پہلا سمارٹ فون جلد ہی بھارت میں

انٹیل سمارٹ فون تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption بھارت میں یہ سمارٹ فون تئیس اپریل سے فروخت ہوسکے گا

امریکی کمپنی انٹیل نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس کے پروسیسر سے بنایا ہوا سمارٹ فون جلد ہی بھارت میں متعارف کرایا جائے گا۔

XOLO X900 نامی اس فون کو فون بنانے والی بھارتی کمپنی لاوا نے تیار کیا ہے۔ یہ فون تئیس اپریل سے بھارت میں فروخت ہوگا اور اس کی قیمت بائیس ہزار بھارتی روپے ہوگی۔

انٹیل کی تکنیک سے بنائے گئے اس فون کی تفصیلات جلد ہی منظر عام پر آنے کی امید ہے۔

اس فون کو بھارتی بازار میں فروخت کرنے کے لیے لاوا کمپنی نے بھارت میں الیکٹریکل سامان فروخت کرنے والی ریٹیل کمپنی کروما سے اشتراک کیا ہے۔

انٹیل نے اس سے پہلے بھی سمارٹ فون کے بازار میں قدم رکھنے کی کوشش کی تھی لیکن اسے کامیابی حاصل نہیں ہوسکی تھی۔

انٹیل نے سنہ دوہزار دس میں ایل جی کمپنی سے سمارٹ فون بنانے کے لیے اشتراک کیا تھا لیکن بغیر کوئی ماڈل بنائے یہ پارٹنرشپ ختم ہوگئی تھی۔

فی الوقت موبائل فون کے بازار میں برطانوی کمپنی اے آر ایم اور امریکی کمپنی کوالکوم کی تکنیک سے بنائے ہوئے فون کا بول بالا ہے۔

انٹیل کا نیا سمارٹ فون گوگل سمارٹ فون کی تکنیک Android Gingerbread پر چلتا ہے اور اس فون میں آٹھ میگا پکسل کمیرا ہے۔

لاوا کمپنی کے ڈاریکٹر وشال سہگل کا کہنا ہے ’فیچر فون میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ژولو (XOLO) سمارٹ فون کے بازار میں ایک نیا مقام بنائے گا۔‘

واضح رہے کہ لاوا کمپنی بھارت میں فون بنانے والی سب سے مقبول ترین کمپنیوں میں سے ایک ہے۔ یہ کمپني ڈھائی برس پہلے وجود میں آئی تھی اور کمپنی کے مطابق دس ملین سے زائد صارفین اس کے بنائے ہوئے فون استعمال کررہے ہیں۔

اسی بارے میں