’پائریٹ بے‘ کے شریک بانی گرفتار

آخری وقت اشاعت:  اتوار 2 ستمبر 2012 ,‭ 14:11 GMT 19:11 PST

کولمبیا میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے فائل شیئرنگ کی مشہور ویب سائٹ ’پائریٹ بے‘ کے ایک شریک بانی کو گرفتار کر لیا ہے۔

پائریٹ بے انٹرنیٹ پر فلموں اور موسیقی سمیت دیگر نقل شدہ فائلز شیئر کرتی ہے۔

گوٹفریڈ شورتھولم ریگ کو ان کے آبائی ملک سویڈن کی جانب سے اپریل میں بین الاقوامی وارنٹ جاری کیے جانے کے بعد کولمبیا میں گرفتار کیا گیا ہے۔

سویڈن نے یہ وارنٹ اس وقت جاری کیے جب ریگ کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کرنے پر دی گئی ایک سال کی سزا کے لیے پیش نہیں ہوئے۔

پائریٹ بے کے ریگ اور تین دیگر بانیوں کا موقف ہے کہ ان کی ویب سائٹ قانون کے مطابق ہے۔

کولمبیا کی پولیس کے ترجمان نے خبر رساں اداری اے ایف پی کو بتایا کہ ’ریگ کی گرفتاری سویڈن کی حکومت کی درخواست پر انفارمیشن ٹیکنالوجی سے منسلک جرائم کے لیے عمل میں لائی گئی۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمارا سویڈن کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کا کوئی معاہدہ تو نہیں لیکن ہم اپنے قوانین کا جائزہ لیں گے کہ اس مقدمے سے کس طرح نمٹا جا سکتا ہے۔‘

سویڈن میں ریگ کے سابق وکیلِ دفاع نے اس گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

ریگ اور ’پائریٹ بے‘ نامی ویب سائٹ کے شریک بانیوں فریڈرک نیج اور پیٹر سنڈے اور سرمایہ کار کارل لنڈسٹوریم کے خلاف سنہ دو ہزار نو میں سویڈن کی عدالت نے کاپی رائٹ کے قوانین کی خلاف ورزی کی فردِ جرم عائد کی تھی۔

نیج، سنڈے اور لنڈ سٹوریم نے دو ہزار دس میں اپیل کے ذریعے اپنی اپنی سزائیں چار سے دس ماہ تک کروا لی تھیں۔

انہیں موسیقی اور فلم کی دنیا کی کمپنیوں کو نقصان پہنچانے کے لیے ستر لاکھ ڈالر کا جرمانہ بھی کیا گیا تھا۔

ریگ بیماری کا بہانہ بنا کر اپیل کی سماعت میں حاضر نہیں ہوئے جس کی بنا پر عدالت نے ان کی سزا برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔

پائریٹ بے کی کارروائیاں سویڈن میں چھ سال قبل ہی بند ہوگئی تھیں تاہم یہ ویب سائٹ اب بھی کام کر رہی ہے۔ یہ ویب سائٹ دو ہزار تین میں بنائی گئی اور اس کا دعوی ہے کہ دنیا بھر میں اس کے صارفین کی تعداد تیس لاکھ سے زائد ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔