ایپل نے صارفین سے معافی مانگ لی

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 29 ستمبر 2012 ,‭ 12:30 GMT 17:30 PST

ایپل کے نقشوں والے نئے سوفٹ وئر میں غلطیوں کی وجہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے جس پر ایپل نے معافی مانگ لی ہے۔

ایپل کے چیف ایگزیگٹیو آفیسر ٹم کُک نے غلط نقشوں کی ایپلیکیشن پر صارفین سے معافی مانگی ہے اور اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اس سافٹ ویئر کو بہتر بنانے کے بار بار وعدوں سے صارفین بے زار ہو چکے ہیں۔

اس دوران کمپنی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ متبادل کے طور پر دوسری کمپنی کے سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کریں۔

ایپل نے گزشتہ چند مہینوں میں صارفین سے کئی دفعہ معذرت کی ہے لیکن یہ معافی اس لحاظ سے مختلف ہے کہ اس بار معافی کا خط ٹم کُک نے خود لکھا ہے جسے بہت شہرت ملی ہے۔

ٹم کُک کی جانب سے اس معذرت کو ایپل نے اپنے ہوم پیج پر شائع کیا ہے۔

یاد رہے کہ جولائی میں کمپنی کے ہارڈ ویئر انجینئرنگ کے سربراہ کی طرف سے آئی کلاؤڈ ای میل سروس میں خرابی پر صارفین سے معافی مانگی تھی۔

ٹم کُک نے لکھا ہے ’ایپل کی کوشش ہے کہ بین الاقوامی معیار کے مصنوعات تیار کرے جو صارفین کے لیے مفید ثابت ہوں۔ پچھلے ہفتے ہمارے نئے نقشوں والے سافٹ ویئر مارکیٹ میں آئے جس میں خرابی کی وجہ سے ہم اعلیٰ معیار کا وعدہ پورا نہیں کر سکے۔ اس کی وجہ سے ہم صارفین کو پیش آنے والی مشکلات اور ہونے والے تکلیف پر معافی مانگتے ہیں اور ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ ان نقشوں کو بہتر بنایا جائے۔‘

انھوں نے کہا ہے کہ ایک سو ملین سے زیادہ موبائل سیٹ استعمال کرنے والے گوگل نقشوں سے ایپل کے نقشوں کے نئے سافٹ ویئر پر منتقل ہوئے ہیں۔

نئے سافٹ ویئر کے سیٹلائٹ نقشے میں غلطیاں ہیں۔ مثال کے طور پر کہیں صرف بادل نظر آتے ہیں، کہیں آبادیوں کو غلط جگہوں پر دکھایا گیا ہے، کہیں روڈ غائب ہے، جگہوں کے نام غلط لکھے گئے ہیں۔

ٹیکنالوجی کے ایک ماہر نے ٹم کُک کی طرف سے صارفین کو دوسرے کمپنیوں کے نقشوں والے سافٹ ویئر استعمال کرنے کے مشورے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس بات پر زور دینے کا مقصد ایپل کے نئے پراڈکٹس کی فروخت میں کمی کو روکنا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔