پاپائے روم بھی ٹوئٹر پر

آخری وقت اشاعت:  پير 3 دسمبر 2012 ,‭ 16:10 GMT 21:10 PST
پوپ بینیڈکٹ

پاپ روم اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے عوام سے رابطہ قائم کرنا چاہتے ہیں

ویٹیکن سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاپائے روم اپنے ٹوئٹر ہینڈل pontifex@ کے ذریعے عوام کے ساتھ رابطہ قائم کریں گے۔

ویٹیکن کے ایک ترجمان نے کہا کہ پوپ بینڈکٹ ششدہم ٹوئٹر کے ذریعے عوام تک رسائی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ پوپ بینڈکٹ ششدہم کے ٹوئٹس کا آٹھ زبانوں میں ترجمہ ہوگا اور ان کی پہلی ٹوئٹ بارہ دسمبر کو منظر عام پر آئے گی۔

گزشتہ سال پاپائے روم نے ’ہولی سی‘ کے نیوز پورٹل کے اجرا کے موقع پر ویٹیکن کے ٹوئٹر ہینڈل سے پہلا ٹوئٹ بھیجا تھا۔

ویٹیکن کے سینئیر میڈیا مشیر گریگ برک کا کہنا ہے ’ہمیں روحانی پیغامات ملیں گے اور پوپ بلیک بیری اور آئی پیڈ کے ساتھ نہیں گھومیں گے اور نہ ہی کوئی اور ان کی جگہ پر لکھے گا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ پوپ وہی ٹوئٹ کریں گے جو ان کا دل چاہے گا۔

ویٹیکن کا کہنا ہے اپنے پہلے ٹوئٹر سیشن میں پوپ لوگوں کے سوالوں کا جواب دیں گے۔ وہ عقیدے سے متعلق سوالات کا جواب ایک سو چالیس کیریکٹرز یا حرفوں میں دیں گے۔

ویٹیکن نے لوگوں کو دعوت دی ہے کہ وہ اپنے سوالات بھیجنے شروع کردیں تاکہ بارہ دسمبر کو پوپ ان کے سوالوں کے جواب دے سکیں۔

روم میں بی بی سی کے نامہ نگار ڈیوڈ ولی کا کہنا ہے کہ ویٹیکن نے ہمیشہ اس بات میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے کہ عقیدے سے متعلق پیغامات عوام تک پہنچانے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کریں۔

واضح رہے کہ انیس سو اکتیس میں پہلی بار ویٹیکن نے ریڈیو کے ذریعے عوام سے رابطہ قائم کیا تھا۔

نوجوانوں سے رابطہ قائم کرنے کے لیے کیتھولک چرچ پہلے ہی سوشل میڈیا، یو ٹیوب اور ایس ایم ایس کا استعمال کر رہا ہے۔

ویٹیکن کے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے کم سے کم ایک لاکھ دس ہزار فولوورز ہیں جبکہ وہ ٹوئٹر پر کسی کو فالو نہیں کرتے۔

پاپائے روم کے چھ سال کے دور میں رابطہ یا عوام کے ساتھ کمیونیکیشن ایک مسئلہ رہا ہے اور کبھی کبھی اس کی وجہ سے چند وضاحتیں بھی پیش کرنی پڑی ہیں جیسے سنہ دوہزار پانچ میں ان کے ایک خطاب میں اسلام اور تشدد کے حوالے سے انہیں ایک وضاحت دینی پڑی تھی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔