فیس بک سے آئی فون پر مفت کال کی سہولت

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 17 جنوری 2013 ,‭ 14:25 GMT 19:25 PST
آئی فون پر فیس بک

فیس بک کا کہنا ہے کہ وہ اینڈروئیڈ اور بلیک بیری فون کے میسنجر کے ساتھ یہ سہولت دینے پر کام کررہا ہے

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے اپنے موبائل فون ایپ میں ایک نئی سہولت فراہم کی ہے جس کے تحت امریکہ میں فیس بک سے آئی فون پر مفت کال کی جاسکے گی۔

امریکہ میں آئی فون استعمال کرنے والے صارفین ایک دوسرے کو ’فیس بک میسنجر‘ کے ذریعے مفت بات چیت کرسکتے ہیں۔

فیس بک کی جانب سے دی جانے والی یہ سہولت ان افراد کے لیے بے حد کارآمد ثابت ہوسکتی ہے جو گھنٹوں گھنٹوں فون پر بات کرنے میں بڑی رقم خرچ کرتے ہیں۔

فیس بک کا کہنا ہے کہ وہ یہ سہولت اینڈروئیڈ اور بلیک بیری فون کے لیے بھی فراہم کرنے پر غور کررہی ہے۔

اس نئی ایپ کے تحت آئی فون پر فیس بک استعمال کرنے والوں کو اپنے آن لائن دوستوں سے بات کرنے کے لیے میسنجر میں جاکر ’آئی‘ بٹن کو دبانا ہوگا اور ’فری کال‘ کے آپشن پر کلک کرنا ہوگا۔

یہ کال وہ فیس بک پر اپنے دوستوں کو کر سکتے ہیں جنہوں نے اپنے فون میں یہ ایپ ڈاؤن لوڈ کررکھی ہے۔ اس نئی ایپ کے ذریعے نہ تو لینڈ لائن پر فون کیا جاسکتا اور نہ ہی ان آن لائن دوستوں کو جو فیس بک پر ہیں لیکن اس ایپ کا استعمال نہیں کررہے۔

فیس بک کے ایک ترجمان کے مطابق اس نئی سہولت کا ’سکائپ‘ سے کوئی تعلق نہیں ہے جوکہ پہلے ہی فیس بک سائٹ کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک فون کرنے کی ایپ ہے۔

فیس بک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فیس بک جلد ہی یہ سہولت دوسرے فونز اور دوسرے خطوں میں بھی متعارف کرے گا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔