الشباب کا ٹوئٹر ہینڈل معطل کر دیا گیا

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 25 جنوری 2013 ,‭ 13:40 GMT 18:40 PST

الشباب نے اس ٹوئٹر ہینڈل کو کینیا سے تعلق رکھنے والے اہلکاروں کو ہلاک کرنے کی دھمکی دی تھی

صومالیہ کے شدت پسند گروہ الشباب کے ٹوئٹر ہینڈل کو دھمکیاں دینے پر معطل کر دیا گیا ہے۔

الشباب نے اس ٹوئٹر ہینڈل کو کینیا سے تعلق رکھنے والے اہلکاروں کو ہلاک کرنے کی دھمکی دی تھی۔

صومالیہ سے تعلق رکھنے والے شدت پسند گروہ الشباب نے دسمبر دو ہزار گیارہ سے اس ٹوئٹر ہینڈل کا آغاز کیا تھا جب کینیا کی افواج نے صومالیہ میں کارروائی کی تھی۔

اس مہینے کے آغاز میں الشباب نے ٹوئٹر کو استعمال کرتے ہوئے فرانسیسی یرغمالیوں کو ہلاک کرنے کی دھمکی دی تھی اور انہیں ہلاک کرنے کے بعد اس کا اعلان بھی ٹوئٹر پر کیا تھا۔

ٹوئٹر نے اس معطلی پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے مگر اس کے قوانین تشدد کے مطابق ٹوئٹر پر تشدد کی دھمکیاں دینے پر پابندی ہے۔

بدھ کو الشباب کے ٹوئٹر اکاؤنٹ نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دو کینین اہلکاروں کو یرغمال بنائے ہوئے دکھایا تھا۔ اس ویڈیو میں کینیا کی حکومت کو دھمکی دی گئی تھی کہ ان دونوں اہلکاروں کی زندگیاں خطرے میں ہیں جب تک کینیا کی حکومت ملک میں مبینہ دہشت گردی کے الزامات کے تحت قید تمام مسلمانوں کو رہا نہیں کر دیتی۔

بدھ کو الشباب کے ٹوئٹر اکاؤنٹ نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دو کینین اہلکاروں کو یرغمال بنائے ہوئے دکھایا تھا

الشباب جو کہ القاعدہ سے منسلک ہے نے کہا ہے کہ اس نے فرانسیسی ایجنٹ دینس ایلکس کو فرانس کی جانب سے اسے چھڑانے کی ناکام کوشش پر ہلاک کر دیا تھا۔

فرانس کی حکومت کا کہنا ہے کہ ایلکس اس کارروائی کے دوران ہلاک ہوئے جب انہیں آزاد کروانے کی کوشش کی گئی۔ اس دوران دو اور فرانسیسی کمانڈو بھی ہلاک ہوئے تھے۔

ایلکس جو کہ ایک فرانسیسی خفیہ اداروں کے ایجنٹ تھے انہیں دو ہزار نو میں اغوا کیا گیا تھا۔

الشباب کو پچھلے اٹھارہ مہینوں میں صومالیہ کے دو اہم قصبوں سے کینیا کی فوجوں نے نکال باہر کیا ہے۔ اب بھی الشباب صومالیہ کے کئی قصبوں اور مرکزی صومالیہ کے حصوں پر قابض ہے۔

صومالیہ گزشتہ بیس سال سے ایک جنگجوؤں کی زیر اثر ملک رہا ہے، جہاں مخالف سیاست دان اور اسلامی شدت پسندوں کے درمیان ملک پر اختیار حاصل کرنے جنگ جاری رہی ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔