لو ٹیسٹ سے شادی شدہ جوڑوں کے سچے احساسات کا اندازہ

Image caption تحقیق میں شامل 135 جوڑوں کے ہر چھ ماہ بعد چار سال تک ٹیسٹ کیے جاتے رہے

سائنسدانوں نے ایک ایسا طریقہ’ لو ٹیسٹ‘ ایجاد کیا ہے جس کی مدد سے نئے شادی شدہ جوڑوں کے تعلقات کی کامیابی کے بارے میں اندازہ لگایا جا سکے گا۔

سائنسدانوں کے مطابق نیم شعوری حالت میں اپنے ساتھی کی تصویر دیکھنے کے بعد دیے جانے والے ردِعمل سے شادی کے مستقبل کے بارے میں اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

سائنس نامی جریدے میں شائع ہونے والی اس تحقیق کے سربراہ فلوریڈا یونیورسٹی کے پروفیسر جیمز میکنلٹی کے مطابق اس ٹیسٹ کی مدد سے نئے شادی شدہ جوڑوں کے اپنے جیون ساتھی کے بارے میں حقیقی احساسات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

انھوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا :’ فوری ردعمل کے نتائج سے ایسے بہت واضح اشارے ملتے ہیں جن کی مدد سے پیشنگوئی کی جا سکتی ہے کہ لوگ خوش رہیں گے یا نہیں۔‘

اس تحقیق کے دوران 135 جوڑوں کی شادی کی تقریب کے فوری بعد ٹیسٹ کیے گئے اور ان سے پوچھا گیا کہ وہ اپنی شادی سے متعلق ان لفاظ میں رائے کا اظہار کریں کہ آیا یہ اچھی یا بری ہے، اس سے مطمئن ہیں یا نامطمئن۔‘

اس کے بعد ’لو ٹیسٹ‘ کے ذریعے جوڑوں کے ایک دوسرے کے بارے میں فوری ردعمل کا اندازہ لگایا گیا۔

اس ٹیسٹ کے دوران جوڑوں کو ایک دوسرے کی مختصر وقت کے لیے تصویر دکھائی گئی اور انھیں تصویر پر جتنی جلدی ممکن ہو، مخصوص الفاظ میں اپنا ردعمل بتانا تھا کہ آیا یہ’ اچھی‘،’بہت اعلیٰ‘، ’خوفناک‘،’خوفزدہ‘ کر دینے والی ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق جواب دینے کی رفتار سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ان کے اپنے ساتھی کے بارے میں کیا احساسات ہیں۔

پروفیسر جیمز میکنلٹی کے مطابق جیسا کہ تصور کیا جا سکتا ہے کہ نئے شادی شدہ جوڑوں کی اپنے شریک حیات کے بارے میں رائے مثبت ہوتی ہے لیکن لو ٹیسٹ کے ذریعے اس کے نتائج قدرے مختلف آتے ہیں۔

تحقیق میں شامل 135 جوڑوں کے ہر چھ ماہ بعد چار سال تک ٹیسٹ کیے جاتے رہے۔

اس تجربے کے زیادہ تر نتائج میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جن افراد نے اپنے ساتھی کے بارے میں منفی رائے کا اظہار کیا تھا وہ بعد میں اپنی شادی شدہ زندگی سے خوش نہیں تھے اور بعض نے طلاق بھی لے لی تھی۔

پروفیسر جیمز میکنلٹی کے مطابق ’ہر ایک یہ یقین کرنا چاہتا ہے کہ اس کے اچھے تعلقات ہیں اور اس بارے میں لوگ بھی اسے قائل کریں، لیکن فوری ردعمل کے ٹیسٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ کسی رشتے میں بندھ جانے کے فوراً بعد ان کے کیا احساسات ہوتے ہیں۔‘

اس ٹیسٹ میں کسی کے بارے میں منفی رائے کے ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں اندازہ لگایا جاتا ہے: ’ہم ایک وقت میں پیار بھی کرتے ہیں اور منفی جذبات بھی رکھتے ہیں اور اس ٹیسٹ کی مدد سے یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔‘

اسی بارے میں