’میں دوبارہ جوان ہو رہا ہوں،‘ 70 سالہ فیشن ڈیزائنر کا دعویٰ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption نائیگارڈ بہاماز میں سٹیم سیل پر تحقیق کے حامی ہیں

ایک ارب پتی فیشن ڈیزائنر کے خیال میں سائنس دانوں نے ان کی بڑھتی عمر روک کر انھیں جوان بنانے کا طریقہ دریافت کر لیا ہے۔

ریاست بہاماز کے مقامی اخبار بہاماز ٹریبیون کا کہنا ہے کہ جزیرے کے رہائشی پیٹر نائیگارڈ نے کہا ہے کہ وہ سٹیم سیل طریقۂ علاج سے مستفید ہو رہے ہیں۔

ان کے مطابق یونیورسٹی آف میامی کا خیال ہے کہ وہ اب جوان ہو رہے ہیں۔

70 سالہ پیٹر نے اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ میرا جائزہ لے رہے ہیں اور علامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ میرے بوڑھے ہونے کا عمل واپس ہو رہا ہے اور میں جوان ہو رہا ہوں۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’میرے خیال ہے کہ میں دنیا میں سٹیم سیل علاج سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھا رہا ہوں۔ مجھے ایسا کرتے ہوئے چار برس ہوگئے ہیں اور اب میں ایک طرح کی مثال ہوں کہ سٹیم سیل واقعی کارگر ہے۔‘

اطلاعات کے مطابق نائیگارڈ بہاماز میں سٹیم سیل پر تحقیق کے حامی ہیں۔

بہاماز میں حال ہی میں نئے قانون کے تحت ریاست بھر میں ایسے میڈیکل سنٹر کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔

تاہم اخبار بہاماز ویکلی کے مطابق ملک کے اٹارنی جنرل اس بات سے انکار کرتے ہیں کہ اس قانون سازی میں نائیگارڈ کا کوئی عمل دخل رہا ہے۔

اسی بارے میں