فیس بک نے فٹنس کمپنی کا ایپ خریدا

فیس بُک تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption فیس بُک نے یہ نہیں بتایا کہ اس نے پروٹو جیو کتنے میں خریدی ہے

فیس بک نے فن لینڈ کی ایک ایسی کمپنی کو خریدا ہے جو فٹنس ٹریکنگ ایپ بناتی ہے۔ ہلسنکی میں قائم ’پروٹو جیو‘ نام کی اس کمپنی نے ایک ایسا ایپ بنایا ہے جو سمارٹ فون کے بِلٹ ان سینسرز کے استعمال سے ہی جسم میں کیلوریز کے استعمال کا پتہ لگا سکتی ہے۔

فیس بک نے حال ہی میں موبائل پر پیغام رسانی کی مقبول ایپلیکیشن واٹس ایپ کو 19 ارب ڈالر میں خریدا اور وِرچوئل ہیڈ سیٹ بنانے والی کمپنی ’اوکیلس‘ کو بھی خریدا ہے۔

فیس بُک نے یہ نہیں بتایا کہ اس نے ’پروٹو جیو‘ کتنے میں خریدی ہے جس میں تقریباً دس ملازمین ہیں لیکن خیال ہے کہ اس کی قیمت حال ہی میں فروخت ہونے والی بڑی بڑی کمپنیوں سے کہیں زیادہ رہی ہے۔ فیس بک نے اوکیلس کو دو ارب ڈالر میں اور وٹس ایپ پر 19 ارب ڈالر خرچ کیے ہیں۔

پروٹو جیو نے اپنے مووز ایپ کے یوزرز کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ پہلے ہی کی طرح کام کرے گی اور اس میں کسی طرح کی تبدیلی یا فیس بک کے ڈیٹا میں شامل ہونے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

دریں اثنا فیس بُک نے اس کمپنی کو خریدنے کے بارے میں کہا ہے کہ مووز ایپ کی ٹیم نے ایسے لاکھوں لوگوں کے لیے ایک ناقابِل یقین ٹول بنایا ہے جو اپنی روز مرہ کی فٹنس کو بہتر ڈھنگ سے جاننا چاہتے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ یہ ایپ مزید مقبول ہوگا۔

یہ ایپ یوزرز کے فونز میں چلتا رہتا ہے اور لوکیشن ڈیٹا کے استعمال سے دن بھر کی سرگرمیوں پر نظر رکھتا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ مفت ایپ آئی فون اور اینڈرائیڈ کے لیے چار ملین سے زیادہ مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے۔

متعدد بڑی ٹکنالوجی کمپنیاں ہیلتھ ٹکنالوجی کے ذریعے پیسہ بنا رہی ہیں۔ بازار میں پہلے ہی کئی طرح کے فٹنس بینڈ اور سمارٹ واچز موجود ہیں۔

اسی بارے میں