تاریخ کے سب سے بڑے ڈائناسور کی دریافت

تصویر کے کاپی رائٹ NA
Image caption اسے اب تک دریافت ہونے والا سب سے بڑا جاندار کہا جا رہا ہے اور مجموعی طور پر کل 150 ہڈیاں دریافت ہوئی ہیں

ارجنٹائن میں قدیم حیوانات کی باقیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ حال میں دریافت ہونے والے ڈائناسور کی باقیات سے پتا چلتا ہے کہ یہ دنیا پر اب تک پائی جانے والی سب سے بڑی مخلوق تھے۔

سائنس دانوں نے یہ بات اس جاندار کی ہڈیوں کی بنیاد پر کہی ہے۔ سائنسدانوں نے بتایا کہ اس کی لمبائی 40 میٹر اور اونچائی 20 میٹر رہی ہوگی۔

اس ہڈی کا وزن 77 ٹن ہے جو کہ 14 افریقی ہاتھیوں کے وزن کے برابر ہے اور یہ اس سے پہلے دریافت کیے جانے والے ارجنٹائینی سورز کے ریکارڈ وزن سے بھی سات ٹن زیادہ ہے۔

سائنسدانوں کا خیال ہے کہ یہ ٹیٹینوسور کی نئی قسم کا جاندار ہے اور سبزیاں کھانے والا یہ جاندار چونے کے زمانے سے تعلق رکھتا ہے۔

ارجنٹائن میں پیٹاگونیا کے ٹریلیو سے 250 کلومیٹر مغرب میں لا فیچا کے نزدیک ایک ریگستان میں پہلی بار ایک مقامی کسان اس کے باقیات سے ٹکرایا تھا۔

اس کے بعد ایڈیجیو فیروگلیو کی قدیم حیاتیات کے میوزیم کے ڈاکٹر جوز لوئی کاربا لیڈو اور ڈاکٹر ڈیگو پول کی قیادت میں اس کی کھدائی کی گئی۔ انھوں نے سات جانوروں کی مجموعی طور پر 150 ہڈیاں کھود کر نکالیں جن میں تمام کی تمام بہتر صورت میں تھیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ NA
Image caption ابھی تک یہاں پائے جانے والے ان جانوروں کا کوئی نام نہیں دیا جا سکا ہے

بی بی سی نیچرل ہسٹری کی ایک ٹیم وہاں پہنچی اس وقت سائندانوں کو احساس ہوا کہ یہ دریافت کس قدر عظیم تھی۔ انھوں نے سب سے بڑی ہڈی، جو جانگھ کی تھی، کی پیمائش کی اور پھر اس کے وزن کا انداہ لگایا جو کہ 77 ٹن کے لگ بھگ تھا۔

تحقیق کرنے والوں نے بی بی سی کو بتایا: ’ان ہڈیوں کے سائز کو دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ یہ پہلے دریافت کیے جانے والے کسی بھی دیو قامت جانور سے بڑا ہے اور یہ نیا ڈائناسور تھا اور اس زمین پر اب تک پایا جانے والا سب سے بڑا جاندار ہے۔‘

انھوں نے بتایا کہ ’اس کی لمبائی سر سے دم کے آخری سرے تک 40 میٹر تھی۔ اپنی گردن کو اٹھا کر جب وہ کھڑا ہوتا تو اس کی اونچائی 20 میٹر ہوتی جو کہ سات منزلہ عمارت کے برابر ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’اندازے کے مطابق یہ سبزی خور جاندار تقریباً 10 کروڑ سال قبل پیٹاگونیا کے جنگلوں میں رہا ہوگا۔ اس کی عمر کا اندازہ ان چٹانوں کی عمر سے لگایا گیا ہے جن میں ان کی ہڈیاں پائی گئی ہیں۔‘

اسی بارے میں