’شہد کی مکھیاں دماغی نقشوں سے راستہ تلاش کرتی ہیں‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption مکھیوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ سورج کی مدد سے راستہ تلاش کرتی ہیں لیکن سائنس دانوں میں دوسرے طریقوں کے استعمال پر اختلافات ہیں

محققین کا کہنا ہے کہ شہد کی مکھیاں پرندوں اور ممالیہ جانوروں کی طرح اپنے دماغی نقشوں کی مدد سے گھر جانے کا راستہ تلاش کرتی ہیں۔

مکھیوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ سورج کی مدد سے راستہ تلاش کرتی ہیں لیکن سائنس دانوں میں دوسرے طریقوں کے استعمال پر اختلافات ہیں۔

محققین کی ایک ٹیم نے مکھیوں کے ایک گروپ کو بدحواس کر دیا جس کی وجہ سے وہ سورج کی پوزیشن کو سمجھ نہ سکیں۔

سائنس دانوں کو معلوم ہوا کہ مکھیاں اپنے چھتے کی جانب اسی رفتار سے واپس آئیں جس رفتار سے راستہ نہ بھٹکنے والی مکھیاں آئیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اضافی دماغی نقشے استعمال کرتی ہیں۔

یہ تحقیق سائنسی جریدے پی این اے ایس میں شائع ہوئی ہے۔

ممالیہ جانور اپنے دماغ میں مسلسل شناسا جگہوں کے ’نقشے‘ بناتے ہیں اور ان کی مدد سے جگہوں کو شناخت کرتے ہیں۔

برلن یونیورسٹی کے پروفیسر رینڈولف مینزل کا کہنا ہے کہ یہ بحث عام طور پر کی جاتی ہے کہ چھوٹے دماغ والے کیڑے ایسا کرنے کے قابل نہیں ہوتے۔

ان کا کہنا تھا کہ مکھیوں کے دماغ کی بناوٹ ممالیہ جانوروں کی طرح ذہنی نقشے بنانے والی نہیں ہوتی تاہم نئی تحقیق سے یہ ثابت ہوا ہے کہ شہد کی مکھیاں اِمتيازی نشانات کو پہچان لیتی ہیں۔

اس سے پہلے یہ سمجھا جاتا تھا کہ مکھیاں اپنی جگہ کا تعین کرنے کے لیے سورج پر زیادہ انحصار کرتی ہیں۔

شہد کی مکھیاں دنیا کے ہر حصے میں پائی جاتی ہیں۔ وہ روزانہ تقریباً دو ہزار بار پھولوں اور پھلوں کا رس حاصل کرنے جاتی ہیں اور خیال ہے کہ وہ پھولوں کے محل وقوق کا تعین کرنے کے دوران ایک دوسرے سے معلومات کا تبادلہ بھی کرتی ہیں۔

پروفیسر مینزل اور ان کے دیگر ساتھی یہ جاننا چاہتے ہیں کہ شہد کی مکھیاں اپنے گھر جانے کا راستہ کیسے تلاش کرتی ہیں؟

سائنس دانوں نے یہ دیکھنے کے لیے کہ آیا مکھیاں اپنے گھروں کا راستے تلاش کرنے میں سورج کی مدد لیتی ہیں انھیں چھ گھنٹوں کے لیے بے ہوش کرنے والی دوا دی تاکہ ان کی ’حیاتیاتی گھڑی شفٹ‘ ہو سکے۔

اس کا مقصد مکھیوں کو سورج کی پوزیشن سمجھنے میں الجھانا تھا تاکہ وہ اپنے گھر واپس آنے کا راستہ بھول جائیں۔

سائنس دانوں کو معلوم ہوا کہ مکھیاں اپنے چھتے کی جانب اسی رفتار سے واپس آئیں جس رفتار سے راستہ نہ بھٹکنے والی مکھیاں آئیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اضافی دماغی نقشے استعمال کرتی ہیں۔

اسی بارے میں