مائیکرو سافٹ سے 18 ہزار ملازمتوں کی کٹوتی ہو گی

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption مائیکروسافٹ نے رواں برس اپریل میں نوکیا کا موبائل فون بنانے والا یونٹ خریدا تھا

ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے اپنی 39 سالہ تاریخ کی سب سے بڑی چھانٹیوں کا اعلان کیا ہے جن کے تحت 18 ہزار ملازمتوں کی کٹوتی کی جائے گی۔

مائیکرو سافٹ کا کہنا ہے کہ ان 18 ہزار ملازمتوں میں سے 12,500 صرف نوکیا کے موبائل یونٹ سے کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ مائیکروسافٹ نے رواں برس اپریل میں نوکیا کے موبائل فون بنانے والے یونٹ کو 7.44 ارب ڈالر میں خریدا تھا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ حالیہ کٹوتیوں سے اسے سالانہ 60 کروڑ ڈالر کی بچت ہو گی۔

کمپنی کی جانب سے اعلان کی گئی کٹوتیاں توقعات سے کہیں زیادہ سخت ہیں۔

مائیکروسافٹ کے دنیا بھر 1,27,000 ملازمین ہیں جس میں 3,500 برطانیہ میں ہیں۔

مائیکروسافٹ کےچیف ایگزیکٹو آفیسر ستیہ نڈیلا نے کہا ہے کہ کمپنی اپنی توجہ سافٹ ویئر سے آن لائن سروسز، ایپس اور دیگر ڈیوائسز پر منتقل کرنا چاہتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تبدیلی کے یہ فیصلے مشکل لیکن ضروری ہیں۔

مائیکرو سافٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مینیجمنٹ کی تہوں کو کم کرنے کا مقصد اطلاعات کی رسائی کو مزید تیز کرنا اور فیصلہ سازی کے عمل میں بہتر بنانا ہے۔

کمپنی کے مطابق نوکریوں سے ہاتھ دھونے والے متاثرہ افراد کو آئندہ چھ مہینوں کے دوران آگاہ کر دیا جائے گا اور یہ عمل ہجون 2015 تک مکمل کر لیا جائے گا۔

اسی بارے میں