ایپل آئی کلاوڈ کو ہیک کیا جا سکتا ہے: ماہرین

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption جینیفر لارنس اور دوسرے ستاروں کی ذاتی تصاویر ہیک ہونے کے بعد ایپل کی سکیورٹی سروس کی جانب انگلیاں اٹھی ہیں

کمپیوٹر سکیورٹی کے ایک ماہر نے خبردار کیا ہے کہ ایپل کی آئی کلاؤڈ سروس میں ایک بنیادی خامی موجود ہے۔

آئی کلاؤڈ میں اپیل آئی فون اور آئی پیڈ استعمال کرنے والے کی تصاویر اور ذاتی معلومات سٹور کی جاتی ہیں۔

حال ہی میں مشہور شخصیات کی عریاں تصاویر چوری ہونے کے واقعے کے بعد آئی کلاؤڈ سروس کی جانب انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔

گذشتہ روز ایپل نے دعویٰ کیا تھاکہ یہ تصاویر اس کی سروس کو ہیک کر کے نہیں لی گئیں۔

آئی کلاؤڈ میں دو مراحل پر مبنی سکیورٹی تصدیق مانگی جاتی ہے، لیکن یہ معلوم ہوا ہے کہ آسانی سے دستیاب ایک سافٹ ویئر کی مدد سے ان مراحل کو بائی پاس کیا جا سکتا ہے۔

ایپل نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

اس پروگرام کو پھر بھی صارف کے ای میل اور پاس ورڈ کی ضرورت پڑتی ہے، اور فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ حالیہ واقعے میں ہیکروں نے یہ کیسے حاصل کیے۔

دو مراحل پر مبنی تصدیق میں ایپل کمپنی صارف کو اس کے اکاؤنٹ تک رسائی دینے کے لیے اس کے فون یا آئی پیڈ پر ایک سکیورٹی کوڈ بھیجتی ہے۔ اس دہری سکیورٹی سے اضافی تحفظ حاصل ہو سکتا ہے۔

ٹیکنالوجی میگزین ’وائرڈ‘ نے کہا ہے کہ آئی کلاؤڈ اکاؤنٹوں تک رسائی حاصل کرنے کے سلسلے میں ہیکروں کے ڈسکشن بورڈز پر ایلکوم سافٹ نامی ایک روسی کمپنی کے ایک سافٹ ویئر کا ذکر کیا جا رہا ہے۔

یہ پروگرام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فراہم کیا جاتا ہے، اور یہ آئی فون یا آئی پیڈ کے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔

اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی کہ آیا یہی سافٹ ویئر جینیفر لارنس اور دوسرے ستاروں کی برہنہ تصاویر چوری کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔

تاہم سکیورٹی ماہر کاتالوف نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کا خیال ہے کہ اس واقعے میں ایلکوم سافٹ ہی کا پروگرام استعمال کیا گیا ہے کیونکہ اس وقت ’یہ واحد پروگرام ہے جو یہ کام کر سکتا ہے۔‘

کمپیوٹر سکیورٹی کے ایک اور ماہر میکو ہائپونین نے بی بی سی کو بتایا کہ ایپل کے اس دہری تصدیق والے پروگرام میں خامی ہے کیونکہ یہ صرف کریڈٹ کارڈ کی چوری کو روکنے کے لیے بنایا گیا ہے:

’یہ اس وقت دہری تصدیق نہیں مانگتا جب آپ اپنی تصاویر دیکھنا چاہتے ہوں یا اپنا ڈیٹا بیک اپ کرنا چاہتے ہوں۔‘

انھوں نے کہا کہ ایلکوم سافٹ کے پروگرام کی مدد سے ’میں اپنے کمپیوٹر پر آپ کی آن لائن بیک اپ فائلیں ڈاؤن لوڈ کر سکتا ہوں۔‘

اسی بارے میں