سونی کے پلے سٹیشن پر ہیکروں کا حملہ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ٹیکنالوجی کے میدان کی اس بڑی کمپنی پر ہونے والا یہ تازہ ترین حملہ ہے

انٹرنیٹ ہیکروں کے ایک گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے سونی کے آن لائن پلے سٹیشن سٹور کو ہیک کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ پلے سٹیشن سٹور پیر کو ڈاؤن رہے گا۔

جو لوگ اس سائٹ پر جانے کی کوشش کر رہے ہیں ان کی سکرین پر یہ پیغام آ رہا ہے کہ ’صفحہ دستیاب نہیں ہے۔ یہ آپ کی نہیں انٹرنیٹ کی غلطی ہے۔‘

لِزرڈ سکواڈ نامی ہیکر گروپ نے ٹوئٹر اکاؤنٹ PSN Login #offline #LizardSquad سے سٹور ہیک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ٹیکنالوجی کے میدان کی اس بڑی کمپنی پر ہونے والا یہ تازہ ترین حملہ ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption اس سے قبل لیزرڈ نے ای اے گیمز اور ڈیسٹنی آف لائن کو بھی ہیک کرنے کا دعوی کیا تھا

اس سے قبل گذشتہ ماہ اس جاپانی کمپنی کے ہالی وڈ فلم سٹوڈیوز کے نیٹ ورک کو بھی ہیک کر لیا گیا تھا اس کے بعد ان فلموں کو لیک کر دیا گیا تھا جو ابھی ریلیز نہیں ہوئي ہیں۔ اس کے علاوہ اداکاروں کی تنخواہوں کی پوشیدہ معلومات بھی ظاہر کر دی گئی تھی۔

سونی انٹرٹینمنٹ نے اس کا جواب دیتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ انھیں اس کا علم ہے کہ پلے سٹیشن کا استعمال کرنے والوں کو کن پریشانیوں کا سامنا ہے۔

نصف شب کے قریب کمپنی نے ٹویٹ کیا: ’جب تک ہم جانچ کر رہے ہیں، آپ کے صبر کے لیے شکریہ۔‘

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے ہی کمپنی نے اپنے گیمنگ کنسول پلے سٹیشن کی 20ویں سالگرہ منائی تھی۔ ہیکنگ کا یہ واقعہ اس کے چند دنوں بعد ہی پیش آیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption اس سے قبل گذشتہ ماہ اس جاپانی کمپنی کے ہالی وڈ فلم سٹوڈیوز کے نیٹ ورک کو بھی ہیک کر لیا گیا تھا

درین اثنا پلے سٹیشن کا صفحہ مائیکروسافٹ کے ایکس باکس نیٹ ورک پر کھل رہا ہے جو گذشتہ ہفتے نہیں کھل پا رہا تھا۔ لزرڈ سکواڈ نے اس پر بھی حملے کا دعویٰ کیا تھا۔

ہیکر گروپ نے کہا ہے کہ ایکس باکس پر ہونے والا حملہ ان حملوں کی ’ہلکی سی خوراک‘ ہے جو کرسمس کے دنوں میں ہونے والے ہیں۔

اس سے قبل اس نے ای اے گیمز اور ڈیسٹنی آف لائن کو بھی ہیک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

ٹوئٹر پر اس گروپ کو ’لزرڈ پیٹرول‘ کے نام سے جانا جاتا ہے اور اس کی ویب سائٹ روس سے چلائی جا رہی ہے۔

اسی بارے میں