’ٹیکنالوجی انسانی سوچ کی جگہ نہ لے‘

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption ہمارہ معاشرہ نت نئے سوفٹ ویئرز کے نشے میں مبتلا ہو چکا ہے: آر آئی این

ماہرین کو خدشہ ہے کہ لوگوں کی اکثریت سمارٹ فونز اور ’سیٹ نیوو‘ جیسے آلات پر دستیاب نقشوں پر اتنا زیادہ انحصار کرنا شروع ہوگئے ہیں کہ اب نقشہ بینی کی روایتی مہارت کے متروک ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

برطانیہ کے نقشہ سازی اور نقشہ بینی کے معروف ادارے رائل انسٹیٹیوٹ آف نیویگیشن کا کہنا ہے کہ نئی ٹیکنالوجی پر زیادہ انحصار کا مطلب یہ ہے کہ لوگ روایتی طریقوں سے اپنا راستہ تلاش کرنے کی صلاحت کھو رہے ہیں۔

اس خدشے کے پیش نظر آر آئی این کی خواہش ہے کہ سکولوں میں بچوں کو نقشہ بینی کی بنیادی تربیت حاصل کرنے کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔

ادارے کے صدر روجر میکنلے کہتے ہیں کہ ہمارہ معاشرہ نت نئے ’سوفٹ ویئرز کے نشے میں مبتلا ہو چکا ہے۔‘

’یہ فکرمندی کی بات ہے کہ آج کل کے بچے سکول اور گھر میں نئے نئے آلات پر ’تلاش‘ کا بٹن دبانے کے علاوہ کچھ اور نہیں سیکھ رہے۔‘

نسلِ گم گشتہ؟

روجر میکنلے کے بقول اکثر لوگ اپنی منزل پر پہنچنے کے لیے نہ تو کوئی نقشہ پڑھ سکتے ہیں اور نہیں ہی قطب نما استعمال کر سکتے ہیں۔ستاروں کی مدد سے کسی مقام کی نشاندھی کی تو بات ہی چھوڑ دیں۔‘

’ہماری جو نسلیں پروان چڑھ رہی ہیں ان کا انحصار نئی ٹیکنالوجی پر اس قدر زیادہ ہوگیا ہے کہ سمارٹ فونز اور سیٹ نیووز سے نکلنے والے سنگلز ہی ان کے لیے معلومات کا واحد ذریعہ بن چکے ہیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption ہم عقل استعمال کیے بغیر ٹیکنالوجی پر انحصار کرنے کے خلاف ہیں: مسٹر اینڈریوز

آر آئی این کا خیال ہے کہ نقشہ بینی سے آپ کی شخصیت سازی ہوتی ہے، آپ خود کو زیادہ آزاد محسوس کرتے ہیں اور آپ سائنس اور ریاضی کی قدر کرنا سیکھتے ہیں۔

آر آئی این کے ڈائریکٹر پیٹر اینڈریوز نے بی بی سی بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ بات بڑی ضروری ہے کہ ٹیکنالوجی انسانی سوچ کی جگہ نہ لے لے۔‘

انھوں نے خبردار کیا کہ ضروری نہیں کہ سمارٹ فونز اور سیٹ نیووز میں لگے ہوئے جی پی ایس ’ہمیشہ آپ کو درست سمت ہی بتائیں۔‘

مسٹر اینڈریوز کا کہنا تھا کہ ’ہم لوگ ٹیکنالوجی کے خلاف نہیں ہیں۔ بلکہ ہم ٹیکنالوجی کے استعمال کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، لیکن ہم اپنی عقل استعمال کیے بغیر ٹیکنالوجی پر انحصار کرنے کے خلاف ہیں۔‘

اس سلسلے میں برطانیہ میں نقشہ سازی کے قومی ادارے ’آرڈنینس سروے‘ کا کہنا تھا کہ ’اگر آپ نقشہ پڑھنے کا ہنر سیکھ لیتے ہیں تو آپ گھر سے باہر اپنے وقت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں، چاہے آپ اس وقت چہل قدمی کر رہے ہوں، سائیکل چلا رہے ہوں، گُھڑ سواری کر رہے ہوں یا محض سیر کو نکلے ہوں۔‘

اسی بارے میں