آواز سے تیز رفتار کار بلڈ ہاونڈ کا ’پر‘ تیار

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption ٹیل فن ڈرائیور کو کار کی زمین پر گرفت مستحکم کرنے میں مدد دی گی

سوپر سانک یا آواز سے تیز رفتار کار ’بلڈ ہاونڈ‘ کے پیچھے لگادم نما پر (ٹیل فن ) اس کی سب سے مشہور خصوصیت ہے کیونکہ اس پر اس منصوبے کے لیے پیسے دینے والے تمام مداحوں کے نام لکھے ہوں گے۔

لیکن اس کے ساتھ کار کی ٹیل فن اس کی حفاظت کے لیے بھی بہت اہم ہے کیونکہ اس کو توازن برقرار رکھنے میں یہ اہم کر دار ادا کرے گی۔

بلڈ ہاونڈ شمالی افریقہ میں زمین پر تیز ترین رفتار سے چلنے کا ریکارڈ بنانے کی کوشش کرے گی۔

جب یہ کار ایک ہزار میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی تو اس کے ڈرائیور اینڈی گرین کے لیے سب سے مدد گار اس گاڑی کے پیچھلے حصے پر لگی ٹیل فن ہو گی جو در حقیقت ایک عمودی ’سٹیبلائزر‘ یا پر ہے جو توازن برقرار رکھنے کے لیے لگایا گیا ہے۔

’ جب کار اتنی تیز چلے گی تو اس کی زمین پر گرفت بلکل نہ ہونے کے برابر ہوگی۔ سوپر سانک سپیڈ پر جنگی جہازوں کی طرح یہ عمودی سٹیبلائزر ہی کام آئیں گے۔‘

برطانوی شہر برسٹل میں واقع بلڈ ہاونڈ کے ٹیکنیکل سینٹر میں اسی ہفتے ونگ کمانڈر گرین نے جو اس کار کو چلائیں گے، اپنے ساتھیوں کو اس ٹیل فن کو مکمل کرتے دیکھا ہے۔

ایلومینیم سے بنی یہ ٹیل فن 139 حصوں پر مشتمل ہے۔

اس کو مکمل طور پر ہاتھ سے بنایا گیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Bloodhound SSC
Image caption ایلومینیم سے بنی یہ ٹیل فن 139 حصوں پر مشتمل ہے

ٹیل فن کو بنانے والی ٹیم کے سربراہ ٹیری گاڈزمارک کا کہنا ہے کہ ’ میں برطانوی فضائیہ میں 20 سال سے کام کر رہا ہوں، ہم جب بھی کچھ بناتے ہیں تو اس کو بنانے کی ہدایات کا بغور جائزہ لیتے ہیں لیکن اس دفعہ ایسا کچھ نہیں ہو کیونکہ اس طرح کی چیز پہلے کبھی بنائی ہی نہیں گئی ہے۔‘

جو لوگ اس منصوبے میں دلچسپی رکھتے ہیں ان کو معلوم ہوگا کہ اس ٹیل فن کا ڈیزائن وقت کے ساتھ تبدیل ہوتا رہا ہے۔

ابتدائی طور پر اس کا حجم کافی کم تھا لیکن پھر وقت کے ساتھ اس کے حجم اور شکل میں تبدیلی آتی گئی۔

واضع رہے کہ یہ ٹیل فن ڈرائیور کو کار کی زمین پر گرفت مستحکم کرنے میں مدد دی گی۔

بلڈہاونڈ اسی سال مکمل کر لی جائے گی اور یہ جنوبی افریقہ میں موجودہ زمین پر تیز رفتاری کا ریکارڈ جو 763 میل فی گھنٹہ ہے توڑنے کی کوشش کرے گی۔

سابقہ ریکارڈ کو توڑنے کے علاوہ بلڈہاونڈ 1000 میل فی گھنٹہ کا نیا ریکارڈ بنانے کی بھی کوشش کرے گی۔

اسی بارے میں