برازیل میں بچوں کی آپریشن کے ذریعے پیدائش پر قانون سازی

Image caption سیزیریئن قانون کے ساتھ برازیل میں اس کے متعلق ایک مہم بھی جاری ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ ’بچے کی ولادت معمول کی بات ہے‘

برازیل میں سیزیریئن یعنی آپریشن سے بچے کی پیدائش کی روز افزوں شرح پر کنٹرول کرنے کے لیے نیا قانون نافذ کیا گیا ہے۔

اس قانون کے تحت ہسپتال ماں کو بچے کی پیدائش میں شامل خطرات سے آگاہ کرے گا اور آپریشن کے ذریعے ولادت کے بارے میں رضامندی حاصل کرے گا۔

اس کے تحت ڈاکٹروں کو بھی یہ جواز دینا ہوگا کہ آخر آپریشن کیوں ضروری تھا۔

اعدادوشمار کے مطابق برازیل کے نجی ہسپتالوں میں 85 فی صد سے زیادہ بچوں کی پیدائش سیزیریئن کے ذریعے ہو رہی ہے جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں یہ شرح 45 فی صد ہے۔

برازیل کے اس نئے قانون کو پیر سے نافذ کیا گیا ہے اور حکومت کو امید ہے کہ دنیا میں ’سیزیریئن برتھ‘ میں سرفہرست ہونے کی برازیلی حیثیت میں تبدیلی آئے گی۔

اس نئے قانون کے ساتھ برازیل میں اس کے متعلق ایک مہم بھی جاری ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ ’بچے کی ولادت معمول کی بات ہے۔‘

وزیر صحت آرتھر چیورو نے 20 کروڑ کی آبادی والے ملک میں 50 فی صد سے زیادہ بچوں کی آپریشن کے ذریعے پیدائش کو ’وبا‘ سے تعبیر کیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ابراہاؤ کا کہنا ہے کہ ماں کو غیر ضروری آپریشن میں مضمر خطرات کے بارے میں بتانا اہم ہے تاکہ اس کی بنیاد پر وہ یہ فیصلہ کر سکے کہ اس کے اور بچے کی صحت کے لیے کون ساطریقہ زیادہ مفید ہے

اطلاعات کے مطابق نجی ہسپتالوں میں تقریبا 84 فی صد خواتین بچے کی ولادت کے لیے سیزیریئن منتخب کرتی ہیں جس کے تحت ماں کے پیٹ کو ذرا سا کاٹ کر بچے کو نکال لیا جاتا ہے۔

عام طور پر اس کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی ہے لیکن وہ اپنے حساب سے پیدائش کا مناسب دن منتخب کرنے کے لیے ایسا کرتی ہیں۔

سرکاری ہسپتالوں میں یہ شرح تقریبا 40 فی صد ہے جو امریکہ کے 32 فی صد سے بھی زیادہ ہے جبکہ عالمی صحت کی تنظیم ڈبلیو ایچ او کے مطابق اسے صرف 10 سے 15 فی صد ہونا چاہیے۔

برازیل کے نئے قانون کے تحت ڈاکٹروں اور ہسپتالوں کو ماؤں کو یہ بتانا ضروری ہے کہ ابھی تک وہ کتنے سیزیریئن کر چکے ہیں اور اگر وہ یہ معلومات فراہم کرنے میں ناکام ہوتے ہیں تو ہیلتھ انشورنس کمپنی کو آٹھ ہزار ڈالر تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔

وزارت صحت کے مخصوص شعبے اے این ایس کے ڈائرکٹر جوز کارلوس ڈی سوزا ابراہاو نے کہا: ’بچے کی پیدائش ایک خاتون اور اس کے اہل خانہ کی زندگی کا اہم ترین لمحہ ہوتا ہے اور اسے غیر ضروری آپریشن میں مضمر خطرات کے بارے میں بتانا اہم ہے تاکہ اس کی بنیاد پر وہ یہ فیصلہ کر سکے کہ اس کے اور بچے کی صحت کے لیے کون ساطریقہ زیادہ مفید ہے۔‘

اسی بارے میں