گوگل کے حصص میں ریکارڈ اضافہ

تصویر کے کاپی رائٹ AP

انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل کے حصص جمعے کو اپنی تاریخ کی سب سے بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔

وال سٹریٹ میں جمعے کو جیسے ہی ٹریڈنگ شروع ہوئی کمپنی نے فوراً 50 ارب ڈالر کے شیئرز کا مارکیٹ ویلیو میں اضافہ کر دیا۔

گوگل کے مطابق اسے یو ٹیوب اور موبائل پر ملنے والے اشتہارات سے کافی منافع ہوا جس کے بعد گوگل کے حصص میں 15 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔

گوگل کے حصص کی قیمت میں اضافے کے بعد کمپنی کا مارکیٹ سائز 400 ارب ڈالر سے زائد ہو گیا ہے۔

جمعرات کو بازار بند ہونے کے بعد گوگل نے بتایا تھا کہ دوسری سہ ماہی کی اس نیٹ آمدنی 3.93 ارب ڈالر رہی جو گذشتہ سال اس سہ ماہی میں آمدنی 3.35 ارب ڈالر تھی۔

کمپنی کے مالی معاملات کی سربراہ اہم روتھ پورٹ نے کہا کہ موبائل اشتہارات میں اضافہ ہوا ہے اور لوگ یو ٹیوب پر ویڈیو دیکھنے پر اپنا زیادہ وقت خرچ کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ یو ٹیوب کے ایک ارب سے زیادہ صارف ہیں اور 18 سے 49 سال کی عمر کے درمیان لوگ کیبل ٹی وی کی بجائے یو ٹیوب پر ویڈیوز دیکھنے پر زیادہ وقت خرچ کر رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کم سے کم 27 بروكنگ کمپنیوں نے گوگل کے حصص کے لیے اپنا دام بڑھا دیے ہیں۔

ایک کمپنی نے پیش گوئی کی ہے کہ گوگل کے حصص کی قیمت 800 امریکی ڈالر تک جا سکتی ہے۔

اسی بارے میں