حاملہ خواتین کی خوراک کا اثر بچوں کے دل پر

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption دوران حمل یا اس سے قبل صحت مند غذا کے استعمال سے بچوں میں امراض کے خطرات کم ہو سکتے ہیں

سائنس دانوں کا خیال ہے کہ اگر خواتین حمل سے قبل اور دوران حمل صحت بخش غذا کا استعمال کریں تو نوزائیدہ بچوں میں دل کے امراض کا خطرہ کم ہو سکتا ہے۔

امریکہ میں 19 ہزار حاملہ خواتین اور اُن کی خوراک پر کی جانے والی ایک تحقیق کے بعد حاملہ خواتین اور صحت بخش خوراک کے درمیان تعلق سامنے آیا ہے۔

صحت بخش خوراک میں تازہ مچھلی، پھل، خشک میووں اور سبزیوں کو شامل کیا گیا تھا۔

وہ خواتین جو حاملہ ہوں یا جو حاملہ ہونا چاہتی ہیں اُنھیں پہلے سے ہی یہ مشورہ دیا جاتا رہا ہے کہ وہ مخصوص اضافی چیزوں کا استعمال کریں۔

پیدائشی نقائص جیسے ریڑھ کی ہڈیوں میں خلا سے بچنے کے لیے ماہرین فولک ایسڈ اور مضبوط ہڈیوں اور دانتوں کے لیے وٹامن ڈی استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

انگلینڈ میں حکومت کی طرف سے ’صحت مند آغاز‘ کے نام سے سکیم کے تحت حاملہ خواتین کو پرچیاں فراہم کی جاتی ہیں جن سے وہ دودھ اور سبزیوں کی خریداری کر سکتی ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ SPL
Image caption تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ماں کا صحت بخش غذا کا استعمال بچے کی صحت کے لیے اہم ہے

سائنسی جریدے ’آرکائیوز آف ڈیزیزز‘ میں شائع ہونے والی تحقیق میں شامل نصف خواتین کے بچے دل کے امراض کا شکار تھے جبکہ نصف خواتین کے بچوں میں ایسا نہیں تھا۔

جب تحقیق کرنے والوں نے ان دونوں گروپوں کی خواتین کی خوراک کا جائزہ لیا تو انھیں یہ پتہ چلا کہ صحت بخش خوراک کا استعمال کرنے والی خواتین کے بچوں میں پیدائشی طور پر دل کے امراض کا تناسب کم تھا۔

تحقیق میں یہ سامنے آیا کہ صحت مند خوراک کا استعمال زیادہ کرنے والی ایک چوتھائی حاملہ خواتین کے بچوں میں پیدائشی طور پر دل کے امراض کا خطرہ اُن ایک چوتھائی خواتین کے بچوں سے کم تھا جو صحت بخش غذا کم استعمال کرتی تھیں۔ دیگر عوامل مثلاً سگریٹ نوشی کرنے والی خواتین یا جنھوں نے فولک ایسڈ کا کم استعمال کیا ہو، کو مدنظر رکھنے کے باوجود دونوں گروپوں میں یہ فرق واضح تھا۔

بچوں میں پیدائشی طور پر دل کے امراض عام ہیں اور برطانیہ میں ہر ہزار بچوں میں سے نو بچہ اس بیماری کا شکار ہوتا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ THINKSTOCK
Image caption غذائیت والی اشیا دوران حمل اہمیت کی حامل ہیں

کچھ نقائص جیسے دل میں سوراخ کا فوری علاج نہیں کیا جاتا کیونکہ وقت کے ساتھ اس کے خود بخود بہتر ہونے کا امکان رہتا ہے اور اس سے مزید مسائل پیدا ہونے کا خطرہ کم رہتا ہے لیکن دیگر امراض سنگین اور مہلک ہو سکتے ہیں۔

برطانوی دل کے امراض کی فاؤنڈیشن کی سینیئر ماہرغذائیت، وکٹوریا ٹیلر کہتی ہیں: ’یہ ایک دلچسپ تحقیق ہے جو زندگی کے آغاز سے ہی صحت مند غذا کے استعمال کی اہمیت پر روشنی ڈالتی ہے۔

’جیسا کہ اس تحقیق سے واضح ہے، صحت مند خوراک حاملہ ہونے سے پہلے، دوران حمل اور زچگی کے بعد ماں اور بچے دونوں کے لیے مفید ہے۔ ایسے میں کسی مخصوص ڈائٹنگ پر توجہ دینے کے بجائے مکمل خوراک کا خیال رکھنا چاہیے۔

’اگرچہ صحت مند خوراک کا استعمال پیدائشی دل کے امراض سے حفاظت کی مکمل ضمانت نہیں ہے لیکن یہ خواتین کو حمل سے قبل صحت مند غذا کے رجحان کی طرف راغب کر سکتا ہے۔ ‘

اسی بارے میں