ماسکو کے قبرستانوں میں مفت وائی فائی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption قبرستانوں میں بنائی جانے والی آرام گاہوں کو ’نفسیاتی سکون کی جگہ‘ کا نام دیا گیا ہے

روس کے دارالحکومت ماسکو کے معروف قبرستان ڈیجیٹل دور میں داخل ہونے والے ہیں، ان قبرستانوں میں اب مفت وائی فائی کی سہولت مہیا کی جائے گی۔

ماسکو شہر کی ویب سائٹ کے مطابق شہر کے بڑے قبرستانوں نوودیوچی، ٹروئیکروسکوئے اور ویگنکوو میں سنہ ٢٠١٦ کی پہلی ششماہی میں مفت انٹرنیٹ استعمال کرنے کی سہولت فراہم کر دی جائے گی۔

ماسکو میں جنازے کی سروس فراہم کرنے والے ادارے کے سربراہ آرتم یکیموف کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد یہاں آنے والے افراد کو یہاں موجود قبروں اور مشہور افراد کے بارے میں زیادہ معلومات تک رسائی حاصل کرنے میں مدد فراہم کرنا اور قبرستانوں کو مزید ‘پرسکون‘ بنانا ہے۔

ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی وائی ایس سسٹم کا کہنا ہے کہ اس نے قبرستانوں میں آرام گاہوں کے منصوبے کے بارے میں جاننے کے بعد وائی فائی نیٹ ورک انسٹاک کرنے کی پیش کش کی ہے۔

قبرستانوں میں بنائی جانے والی ان آرام گاہوں کو ’نفسیاتی سکون کی جگہ‘ کا نام دیا گیا ہے۔

Image caption مصنف انتون چیخوف نوودیوچی قبرستان میں دفن ہیں

کمپنی کے سربراہ یوگینی ابراموف نے کلرک ڈاٹ آر یو ویب سائٹ کو بتایا کہ ‘ہماری جانب سے گرمیوں میں کیے گئے سروے کے مطابق لوگوں نے قبرستان میں انٹرنیٹ کی کمی کا شکوہ کیا ہے۔‘

وہ کہتے ہیں کہ ‘ہم اس منصوبے بارے میں سوچ رہے تھے کہ کس طرح اس حوالے سے حساسیت اور مرنے والوں کی عزت کا ہر ممکن خیال رکھتے ہوئے اس پر عمل درآمد کیا جائے، اسی دوران اس کا جواب ہمارے سامنے آگیا۔‘

تین مذکورہ قبرستانوں میں نوودیوچی کا قبرستان ماسکو کا مشہور ترین قبرستان ہے اور اس کا شمار شہر کے معروف ترین سیاحتی مقامات میں ہوتا ہے۔

یہاں دفن ہونے والی شخصیات میں مصنف انتون چیخوف، سابق سویت رہنما نکیتا خرشچیف اور سابق روسی صدر بورس یلسن شامل ہیں۔

جبکہ فروری ٢٠١٥ میں قتل ہوتے والے حزب اختلاف کے رہنما بورس نیمستوف ٹروئیکروسکوئے قبرستان میں دفن ہیں۔

اسی بارے میں