سائبر حملے کی وجہ سے بی بی سی کی ویب سائٹس آف لائن

جمعرات کو ایک بڑے سائبر حملے کی وجہ سے بی بی سی کی تمام ویب سائٹس دستیاب نہیں تھیں۔

یہ مسئلہ گرینج کے معیاری وقت کے مطابق صبح سات بجے شروع ہوا اور بی بی سی کی تمام ویب سائٹس پر آنے والے صارفین کو ویب صفحات کی جگہ ایرر کا پیغام دکھائی دے رہا تھا۔

بی بی سی کے ذرائع کے مطابق بی بی سی کی تمام ویب سائٹس تک رسائی میں رکاوٹ یا بندش کی وجہ ’distributed denial of service‘ حملہ تھا (نامعلوم ذرائع سے ویب سائٹ کے سرور پر ٹریفک کی بھرمار کے نتیجے میں حقیقی صارفین ویب سائٹس تک رسائی حاصل نہیں کر پاتے)۔

اس سے قبل بی بی سی نے اس کی وجہ ایک تکنیکی خرابی کو قرار دیا تھا۔

تاہم دوپہر کے وقت ایک بیان جاری کیاگیا تھا جس میں کہاگیا تھا کہ بی بی سی کی ویب سائٹس اب ’معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں۔‘

بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ ’ہم ویب سائٹس کی عدم دستیابی کے لیے معذرت خواہ ہیں۔‘

بی بی سی کی جانب سے اس مسئلہ کی وجہ سائبر حملہ تھا یا نہیں اس بات کی تصدیق ہونا باقی ہے۔

اس حملے کی وجہ سے بی بی سی کی ویب سائٹ کے ساتھ ساتھ جڑی کئی دوسری سروسز جن میں آئی پلیئر کیچ اپ سروس اور آئی پلیئر ریڈیو ایپ شامل ہیں بھی ٹھیک سے کام نہیں کر رہیں تھیں۔

سوشل میڈیا پر بہت جلد ہیں ردعمل آنا شروع ہو گیا تھا۔ بہت سے صارفین نے بی بی سی سے ویب سائٹس کو جلد بحال کرنے کی درخواست کی تھی اور بے صبری سے پوچھا تھا کہ اس مسئلے کو ٹھیک ہونے میں کتنا وقت لگے گا۔

خیال رہے کہ بی بی سی کی ویب سائٹس کے ساتھ ماضی میں بھی ایسے مسائل پیش آچکے ہیں۔ جولائی سنہ 2014 میں آئی پلیئر اور کئی دیگر ویب سائٹس تقریباً مکمل ہفتہ وار چھٹیوں کے دوران آف لائن رہی تھیں۔

اسی بارے میں