فیس بک کے منافعے میں دوگنا اضافہ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption فیس بک کی سال بھر کی آمدن 44 فیصد اضافے سے 17.9 ارب ڈالر ہو گئی ہے

سماجی رابطوں کی مقبول ویب سائٹ فیس بک کے مطابق سال 2015 کی چوتھی سہ ماہی میں اسے دوگنا سے زیادہ منافع ہوا ہے۔

فیس بک کا کہنا ہے کہ دسمبر تک کے تین ماہ میں اس کا خالص منافع 70 کروڑ دس لاکھ ڈالر سے بڑھ کر ایک ارب 56 کروڑ ڈالر ہو گیا۔

فیس بک کے مطابق اس عرصے میں حاصل ہونے والی آمدن کا 80 فیصد موبائل فونز پر اشتہارات سے حاصل ہوا جو کہ گذشتہ برس 69 فیصد تھا۔

فیس بک کی جانب سے منافعے کے اعلان کے بعد نیویارک کے بازارِ حصص میں اس کے شیئرز کی مالیت 8.7 فیصد تک بڑھ گئی۔

فیس بک کی سال بھر کی آمدن 44 فیصد اضافے سے 17.9 ارب ڈالر ہو گئی ہے جس میں خالص منافع 3.7 ارب ڈالر تک ہو سکتا ہے۔

ایم اے ایم پاٹنرز کے تجزیہ کار راب سینڈرسن نے فیس بک کے بڑھتے ہوئے منافعے کو غیر معمولی قرار دیا ہے۔

’اس سے اس کی اہمیت واضح ہوتی ہے کہ ہم تشہیری مہم چلانے والوں کو کیا فراہم کرتے ہیں۔ وہ ان کے لیے تقسیم کا بہت ہی کارآمد طریقۂ کار مہیا کر رہے ہیں اور ان کی سہ ماہی کی کاررکردگی سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ بہت اچھی طرح سے کام کر رہا ہے۔‘

فیس بک پر ماہانہ آنے والے ایکٹیو صارفین کی تعداد 14 فیصد اضافے سے تقریباً ایک ارب 60 کروڑ ہو گئی ہے جو کہ گذشتہ برس ایک ارب 44 کروڑ تھی۔

فیس بک کے بانی اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ’2015 فیس بک کے لیے بہت ہی بہترین تھا، ہماری کیمونٹی بڑھتی رہے گی اور ہمارا کاروبار ترقی کرتا رہے گا۔‘

وہ اپنی بیٹی کی ولادت کے بعد دو ماہ کی چھٹی سے پیر کو ہی واپس دفتر آئے ہیں۔

اسی بارے میں