انڈونیشیا اور وسطی بحرالکاہل میں مکمل سورج گرہن

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ماہرین فلکیات نے ننگی آنکھوں یا دوربین سے براہ راست سورج کی جانب دیکھنے سے منع کیا تھا

انڈونیشیا اور بحرالکاہل کے علاقوں میں لاکھوں افراد نے مکمل سورج گرہن کا تجربہ کیا اور اس خطے کے بعض علاقے مکمل تاریکی میں چلے گئے۔

یہ سورج گرہن مقامی وقت کے مطابق صبح چھ بج کر 19 منٹ (گرینج کے وقت کے مطابق 11 بجکر 19) منٹ پر شروع ہوا جب چاند زمین اور سورج کے درمیان آ گیا۔

جب مکمل سورج گرہن ہوا تو چاند نے سورج سے آنے والی تمام براہ راست شعاؤں کو گھیر لیا تھا اور دن کو رات میں بدل دیا۔

انڈونیشیا کے بیلیٹنگ صوبے میں لوگوں کا ایک ہجوم ساحل پر اس سحر انگیز تجربے سے دو چار ہونے کے لیے یکجا ہوا تھا۔

انڈونیشیا اور وسط بحرالکاہل میں مکمل سورج گرہن تھا جبکہ آسٹریلیا اور مشرقی ایشیا کے بعض علاقوں میں جزوی گرہن تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ EVN
Image caption مقامی وقت کے مطابق سماٹرا، بورنیو اور سلاویسی میں صبح سات بجے سے 11 بجے تک مکمل تاریکی ہوگی

معمول کے مطابق ماہرین فلکیات نے ننگی آنکھوں یا دوربین سے براہ راست سورج کی جانب دیکھنے سے منع کیا تھا۔ ماہرین نے پیشہ ورانہ سولر فلٹر یا سورج گرہن کے دیکھنے والے شیشے کی تجویز پیش کی تھی۔

یہ سورج گرہن شمالی ہوائی میں گرینچ کے معیاری وقت کے مطابق چار بج کر 34 منٹ پر سورج غروب ہونے کے ساتھ ختم ہوگا۔

گذشتہ برس مکمل سورج گرہن شمالی نصف کرے میں 20 مارچ کو دیکھا گیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption یہ سورج گرہن بین الاقوامی ٹائم لائن کو عبور کر رہا ہے اس لیے یہ ایشیا میں نو مارچ کی صبح شروع ہو رہا ہے اور امریکہ میں آٹھ مارچ کی شام کو ختم ہو رہا ہے

انڈونیشیا کا بیلیٹنگ مکمل سورج گرہن دیکھنے کے لیے بہترین جگہ قرار دی گئی تھی۔

اس سورج گرہن کو دیکھنے کے لیے وہاں آسٹریلیا اور یورپ سے لوگ یکجا ہوئے تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption بچوں نے اپنے انداز میں اس کا نظارہ کیا

ولما نامی ایک خاتون ہالینڈ سے وہاں پہنچی تھیں۔ وہ جہاں بھی سورج گرہن ہوتا ہے وہاں پہنچ جاتی ہیں۔ اب تک انھوں نے پانچ بار سورج گرہن دیکھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جب سورج گرہن شروع ہوا تو ان پر سکون کا ایک شدید جذبہ طاری ہوا اور انھیں کوئی آواز نہیں سنائی دی۔ وہ کہتی ہیں کہ یہ ایک طلسمی تجربہ تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption جب مکمل سورج گرہن ہوا تو چاند نے سورج سے آنے والی تمام براہ راست شعاوں کو گھیر لیا تھا اور دن کو رات میں بدل دیا

ہمارے نمائندے کا کہنا ہے کہ جب سورج گرہن شروع ہوا تو لوگوں نے فرط جذبات میں چیخنا شروع کردیا لیکن پھر ان پر ہیبت چھا گئی اور سب خاموش ہو گئے۔ بعض افراد تصویریں لے رہے تھے جبکہ بعض صرف حیرت انگیز منظر کو دیکھ رہے تھے۔ اور جب یہ ختم ہوگیا تو لوگوں نے خاموشی کے ساتھ تالیاں بجائيں۔ ہمارے نمائندے کا کہنا ہے کہ یہ ایک ناقابل بیان تجربہ تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption مذہبی عبادت گاہوں لوگ یکجا تھے

جبکہ پورے ملک میں لوگ مساجد، مندروں اور چرچز میں دعا اور عبادات میں مشغول رہے۔

اسی بارے میں