سگریٹ چھوڑنا ہے تو یک لخت چھوڑیں

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption تحقیق میں شامل رضاکاروں کا کہنا تھا کہ وہ بتدریج ترک کرنے کو فوری طور پر ترک کرنے پر ترجیح دیتے ہیں

ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ تمباکو نوشی چھوڑنے کے خواہش مند افراد اگر ایک تاریخ کا انتخاب کر کے ’فوری طور پر سگریٹ نوشی ترک کر دیں‘ تو اِس عادت سے جان چھڑانے کی کامیابی کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔

’تمباکو نوشی اور شیزوفرینیا میں تعلق ممکن ہے‘ تمباکونوشی کے خلاف قوانین

اِس عادت سے بتدریج پیچھا چھڑانے کی کوشش کرنے والوں کی نسبت جن رضاکاروں نے ایک تاریخ کا فیصلہ کر کے فوری سگریٹ نوشی ترک کی، تو اُن میں سے 25 فیصد افراد میں اِس عادت سے پیچھا چھڑانے کا امکان زیادہ دکھائی دیا۔

برطانیہ کے قومی ادارہ برائے صحت (این ایچ ایس) کا کہنا ہے کہ سگریٹ نوشی ترک کرنے کے لیے تاریخ کے انتخاب کا فیصلہ اہم ہے۔ اُنھوں نے سگریٹ نوشوں کو صلاح دی ہے کہ وعدہ کر کے تاریخ کا انتخاب کریں اور پھر فیصلے پر قائم رہیں۔

ادارے کا کہنا ہے کہ ’جب آپ خود کو مشکل میں پائیں تو خود سے کہیں کہ ’’میں ایک کش تک نہیں لوں گا‘‘ اور جب تک طلب ختم نہ ہو جائے اس پر قائم رہیں۔‘

برٹش ہارٹ فاؤنڈیشن کے تعاون سے کی جانے والی تحقیق میں تقریباً 700 رضاکاروں کو دوگروہوں میں تقسیم کیا گیا تھا، ایک بتدریج چھوڑنے کی کوشش کرنے والے گروہ اور دوسرا فوری طور پر ترک کرنے والا گروہ تھا۔

چھ مہینے بعد بتدریج چھوڑنے والے گروہ کے 15.5 فیصد رضاکاروں نے یہ عادت ترک کر دی جبکہ فوری طور پر چھوڑنے والےگروہ میں یہ تعداد 22 فیصد تک تھی۔

اِس تحقیق کی سربراہی کرنے والی اوکسفرڈ یونیورسٹی کی ڈاکٹر نیکولا لنڈسن کا کہنا تھا کہ ’لگتا ہے کہ چھوڑنے کی کوششوں کے فرق میں اضافہ ہوگا کیونکہ لوگ ترک کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اِس سے لوگوں کو اضافی چیزیں کرنے کا موقع ملتا ہے، جس سے وہ اِس کو مکمل طور پر ترک کر سکتے ہیں۔ ‘

تحقیق میں شامل رضاکاروں کا کہنا تھا کہ وہ بتدریج ترک کرنے کو فوری طور پر ترک کرنے پر ترجیح دیتے ہیں، جبکہ اب بھی فوری ترک کرنے والے گروہ میں شامل افراد میں اِس عادت سے جان چھڑانے کا امکان زیادہ ہے۔

ڈاکٹر لِنڈسن کا کہنا ہے کہ کچھ نہ سے بہتر ہے کہ لوگ بتدریج سگریٹ نوشی سے پیچھا چھڑائیں۔

تحقیق میں شامل تمام افراد کو صلاح اور تعاون کی پیشکش، نِکوٹین اور متبادل علاج تک رسائی دی گئی تھی، جس میں نکوٹین والی ببل گم اور منہ کے اندر کرنے والا سپرے شامل تھا۔ یہ تمام خدمات این ایچ ایس کی جانب سے بلا معاوضہ دستیاب ہیں۔

اسی بارے میں