ایکس باکس کی گیمز اب ’کراس پلیٹ فارمز‘ پر

تصویر کے کاپی رائٹ Psyonix

مائیکروسافٹ نے اعلان کیا ہے کہ اس کے ویڈیو گیم کنسول ایکس باکس کے صارف جلد ہی پرسنل کمپیوٹرز اور ممکنہ طور پر سونی کے پلے سٹیشن رکھنے والے گیمرز سے آن لائن مقابلہ کر سکیں گے۔

تاحال گیمرز صرف اسی صورت میں آن لائن ایک گیم میں مدِمقابل آ سکتے ہیں اگر ان کے پاس ایک ہی جیسے کنسول یا سسٹم ہوں۔

کمپنی کا کہنا ہے اس سلسلے میں پہلی گیم جو ’کراس پلیٹ فارم‘ پر دستیاب ہوگی اس کا نام راکٹ لیگ ہے جسے ایکس باکس اور عام کمپیوٹرز استعمال کرنے والے ایکس باکس لائیو کے ذریعے آن لائن مل کر کھیل سکیں گے۔

مائیکروسافٹ نے گیمز اور گیمنگ کنسول بنانے والی دیگر کمپنیوں سے کہا ہے کہ یہ ایک کھلی پیشکش ہے اور وہ اس میں شامل ہو سکتے ہیں۔

کمپنی کے ڈائریکٹر کرس چارلا نے کہا ہے کہ یہ اب گیم ڈویلپرز پر منحصر ہے کہ وہ اس سلسلے میں کیا مدد کرتے ہیں۔

Image caption کراس پلیٹ فارم کے باوجود ایکس باکس کے صارف صرف ایکس باکس لائیو والوں کے ساتھ بھی کھیل سکیں گے

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کراس پلیٹ فارم کے باوجود اگر ایکس باکس کے صارف صرف ایکس باکس لائیو والوں کے ساتھ کھیلنا چاہیں تو ان کے لیے ایسا کرنا ممکن ہوگا۔

اس وقت مائیکروسافٹ، سونی اور ننٹینڈو کے اپنے اپنے آن لائن نیٹ ورک موجود ہیں جہاں گیمرز ایک دوسرے کے ساتھ مل کر یا ان کے خلاف کسی گیم میں حصہ لے سکتے ہیں۔

سونی اور مائیکروسافٹ اپنا نیٹ ورک استعمال کرنے والوں سے ماہانہ فیس بھی لیتے ہیں۔

راکٹ لیگ گیم بنانے والے سٹوڈیو کا کہنا ہے کہ جب سے راکٹ لیگ ایکس باکس ون پر آئی ہے گیمرز کا پہلا مطالبہ یہی رہا ہے کہ دیگر نیٹ ورکس والوں کو بھی اس تک رسائی دی جائے۔

سٹوڈیو کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ مائیکروسافٹ کا ’یہ اعلان ایک خواب کے سچ ہو جانے جیسا ہے۔‘

اسی بارے میں