جاپان کا مفرور زیبرا جھیل میں ڈوب کر مر گیا

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption زیبرے کو پۂڑے کے لیے جب اُسے نشہ آور نیزہ مارا گیا تو اس کے فوراً بعد وہ جھیل کی جانب بھاگ گیا

جاپان میں گُھڑ سواری کے کلب سے فرار ہونے والا زیبرا گولف کورس کی جھیل میں ڈوب کر مر گیا۔ اس سے قبل اسے نشہ آور ادویات دی گئی تھیں۔

پولیس افسران اور مویشیوں کے ڈاکٹر نے مرکزی گیفو صوبے کے ٹوکی شہر میں کورس کے اردگرد کئی گھنٹوں تک جانور کا پیچھا کیا۔

جب اُسے نشہ آور نیزہ مارا گیا تو اس کے فوراً بعد وہ جھیل کی جانب بھاگ گیا۔

زیبرے کو چند منٹ میں ہی جھیل سے نکال لیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود وہ ہلاک ہوگیا۔ عملے کا خیال ہے کہ ممکن ہے کہ پانی میں ڈُوبنے سے اس کی حرکتِ قلب بند ہوگئی ہو۔

اخبار مانیچی شمبن کے مطابق دو سالہ زیبرا ایک موبائل چڑیا گھر کی ملکیت تھا لیکن اسے مقامی اصطبل اور گُھڑ سواری کے کلب میکونی ویسٹ فارم میں رکھا گیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption گو کہ زیبرے کو چند منٹ میں ہی جھیل سے نکال لیا گیا لیکن اس کے باوجود وہ ہلاک ہوگیا

منگل کی رات جب فارم کے منیجر اسے وہاں لے جا رہے تھے تو وہ بے چین ہو کر اصطبل کے احاطے کی باڑ توڑ کر فرار ہو گیا اور ایک قریبی پہاڑ کی جانب چلا گیا۔

بدھ کی علی الصبح پولیس کو ہائی وے کے ساتھ ایک زیبرا کے بھاگنے کی اطلاع ملی۔

انھوں نے فوری طور پر اسے ٹوکی بین الاقوامی گولف کورس میں ڈھونڈ نکالا اور پولیس اور مویشیوں کے ڈاکٹروں نے اسے پکڑنے کی کوشش کی۔

نشہ آور دوا کا نیزہ لگنے کے بعد وہ جھیل میں چلا گیا۔ پولیس کے ترجمان تکا ہیرو تنی گوچی نے بتایا کہ ’ہم نے اسے اوپر کھینچا لیکن اس کا دل بند ہوگیا تھا۔‘

بدھ کو یہ غیرمعمولی کہانی جاپان کے انٹرنیٹ صارفین کے لیے موضوعِ بحث بن گئی جو اپنے دُکھ اور صدمے کا اظہار کرتے رہے اور ٹوئٹر پر جاپانی لفظ ’شم اوما‘ کا ٹرینڈ مقبول رہا۔

بہت سے لوگوں نے ایک لڑکی کی تصویر ری ٹویٹ کی ہے جو یہ کہہ رہی ہے کہ اُنھوں نے منگل کو جانور کو برق رفتاری سے سڑک کی جانب سے بھاگتے دیکھا اور انھوں نے جنگل میں زیبرے کی موجودگی پر حیرت کا اظہار کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption بدھ کو یہ غیرمعمولی کہانی جاپان کے انٹرنیٹ صارفین کے لیے موضوعِ بحث بن گئی جو اپنے دُکھ اور صدمے کا اظہار کرتے رہے