انٹیل کا 12 ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption رواں برس انٹیل کے حصص کی قدر ساڑھے آٹھ فیصد کم ہو چکی ہے

ٹیکنالوجی کی دنیا کی مشہور امریکی کمپنی انٹیل نے 12 ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے اور یہ تعداد کمپنی کے کل ملازمین کے 11 فیصد کے برابر ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ان ملازمین کو آئندہ ایک سال کے دوران بتدریج فارغ کیا جائے گا۔

انٹیل دنیا میں کمپیوٹر چپس بنانے والی سب سے بڑی کمپنی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ وہ پرسنل کمپیوٹرز کے زوال پذیر بازار پر اپنا انحصار کم کرنا چاہتی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’انٹیل ایک پی سی کمپنی سے آگے بڑھ کر وہ کمپنی بننا چاہتی ہے جو کلاؤڈ اور اربوں سمارٹ کمپیوٹنگ آلات میں جان ڈالنے کا ذریعہ بنے۔‘

کمپنی نے منگل کو یہ بھی کہا ہے کہ ادارے کے مالیاتی امور کی نگران اور سی ایف او سٹیسی سمتھ اب سیلز، مینوفیکچرنگ اور آپریشنز کے شعبہ جات کی سربراہ ہوں گی۔

تصویر کے کاپی رائٹ intel
Image caption انٹیل دنیا میں کمپیوٹر چپس بنانے والی سب سے بڑی کمپنی ہے

انٹیل کی جانب سے اتنی بڑی تعداد میں ملازمین کی چھانٹی کے اعلان کے بعد امریکی بازارِ حصص میں کمپنی کے حصص کی قدر میں ڈھائی فیصد کی کمی ہوئی۔

رواں برس انٹیل کے حصص کی قدر ساڑھے آٹھ فیصد کم ہو چکی ہے۔

کمپنی کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ ملازمتوں میں سے چھانٹی کہاں کہاں ہوگی تاہم کمپنی کے زیادہ تر کارخانے امریکہ میں ہی واقع ہیں۔

تجزیہ کار سٹیفن بیکر کا کہنا ہے کہ چھانٹی کا اعلان غیر متوقع نہیں تھا۔ ’ہر وہ فرد جس نے پرانی ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کی اور اسی کا ہو رہا تھا اس وقت مشکل میں گھرا ہوا محسوس کر رہا ہے۔‘

اسی بارے میں