امریکہ میں داخلے کے لیے سوشل میڈیا پروفائل کی تجویز

Image caption مجوزہ فارم میں امریکہ آنے والے کو اپنے سوشل میڈیا پروفائل کی تفصیل دینا پڑے گی

امریکہ میں داخلی سکیورٹی کے محکمے کی ایک تجویز کے مطابق امریکہ میں ویزا کے بغیر داخلے کے متمنی افراد کو کہا جائے گا کہ وہ اپنے سوشل میڈیا کے پروفائل کی تفصیل جمع کروائیں۔

ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سکیورٹی (ڈی ایچ ایس) کی تجویز اگر منظور ہو جاتی ہے تو ویزے کی درخواست کے فارم میں لوگوں کو کہا جائے گا کہ وہ بتائیں کہ وہ کون سا سوشل نیٹ ورک استعمال کرتے ہیں اور ان کے یوزر نیم کیا ہیں۔

تاہم اس قسم کی معلومات بتانا لازمی نہیں ہو گا۔

یہ تبدیلیاں ایسٹا اور فارم I-94W کی درخواست کے فارم میں آ سکتی ہیں۔

یہ تجویز کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن (سی بی پی) جو کہ ڈی ایچ ایس کا حصہ ہے، نے گذشتہ جمعرات وفاقی رجسٹر میں ڈالی تھیں۔

تجویز کے مطابق سفر کرنے والوں کی معلومات ان کے متعلق جاننے کے لیے اور ان سے رابطہ کرنے کے لیے استعمال کی جائیں گی۔

سینٹر فار ڈیموکریسی اینڈ ٹیکنالوجی کے چیف ٹیکنالوجسٹ جوزف لورینزو ہال کہتے ہیں کہ اگرچہ یہ فارم بھرنا لازمی نہیں ہے لیکن ایسا بہت مشکل ہی ہو گا کہ مسافر اسے نہ بھریں، کیونکہ انھیں خدشہ ہو گا کہ کہیں ویزا منع نہ ہو جائے۔

انھوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ اس سے لوگوں کا امریکہ میں داخلہ مشکل ہو جائے۔

انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ جمہوریت کی ضرورت ہے کہ حکومت کی چھان بین سے ماورا آزاد جگہ ہو اور زیادہ تر معاشرتی زندگی تو آن لائن ہو رہی ہے۔

’ہمارے پاس ایک غریب معاشرہ ہو گا اگر وہ لوگ آن لائن سوشل ایکٹیویٹی سے خوفزدہ ہو جائیں، اس لیے میں واقعی یہ امید کروں گا کہ وہ اس کے متعلق دوبارہ سوچیں۔‘

برطانوی ٹریول ایجنٹوں کی ایک ایسوسی ایشن اے بی ٹی اے کے ایک ترجمان نے کہا کہ ایسا نہیں لگتا کہ اس تجویز پر عمل درآمد ہو گا۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں داخلے کے لیے تبدیلی کی دوسری ضروریات کے ساتھ ڈی ایچ ایس چاہے گی کہ وہ سکیورٹی کے مسائل اور ملک میں آنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کی ضرورت میں توازن رکھے۔

حال ہی میں امریکہ نے اپنے ویزا پر چھوٹ کی پالیسی میں تبدیلی کے پروگرام کو ان مسافروں کے لیے اپڈیٹ کیا تھا جو ایران، عراق، شام یا سوڈان کی دوہری شہریت رکھتے ہوں یا جنھوں نے گذشتہ پانچ برسوں میں ان ممالک کا دورہ کیا ہو۔

اب ان افراد کو ویزے کے لیے درخواست دینا پڑتی ہے۔

اسی بارے میں