انڈیا کی مشہور شیرنی ’مچھلی‘ چل بسی

Image caption مچھلی دنیا کے ان چند شیروں میں شامل تھی جن کی سب سے زیادہ تصاویر اتاری گئی ہیں

انڈیا میں حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی مشہرور ترین شیرنی 19 سالہ مچھلی کا انتقال ہو گیا ہے۔

’رانتھمبور کی رانی‘ کے نام سے مشہور مچھلی دنیا کے ان چند شیروں میں شامل تھی جن کی سب سے زیادہ تصاویر اتاری گئی ہیں۔

اس کے چہرے کے بائیں جانب مچھلی کی شکل کا کافی واضح نشان تھا۔

* آدم خور کی تلاش، گجرات میں ’18 شیر گرفتار‘

وہ کئی دستاویزی فلموں کا حصہ بنیں اور ان کی ایک 14 فٹ لمبے مگر مچھ کے ساتھ لڑائی کی ویڈیو نے دیکھنے والوں کو متحیّر کیا۔

مچھلی رانتھمبور کے نیشنل پارک آنے والے سیاحوں کے لیے بڑی کشش کا سامان ہوا کرتی تھی۔

دنیا بھر کے شیروں کے نصف شیر انڈیا میں پائے جاتے ہیں جو آخری اندازوں کے مطابق 2226 ہیں۔

ریاست راجستھان کے حکام کے مطابق مچھلی پارک کی سرحد کے ساتھ بھوکی پڑی ملی، اس نے کئی دن سے کچھ نہیں کھایا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ SANDIP SHARMA
Image caption مچھلی رانتھمبور کے نیشنل پارک آنے والے سیاحوں کے لیے ایک بڑی کشش کا سامان ہوا کرتی تھی

رانتھمبور میں شیروں کے منصوبے کے ڈائریکٹر یوگیش کمار ساہو نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ہم نے اسے بچانے کے لیے علاج کر رہے تھے لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی۔ یہ اس کی عمر کے حساب سے طبعی موت ہے۔‘

پارک کی ویب سائٹ کے مطابق مچھلی حالدیہ برسوں میں کافی سست ہو گئی تھی اور اس کے لگ بھگ سبھی دانت گر گئے تھے۔

مچھلی کے مرنے کی خبر انڈیا کے میڈیا میں بڑی خبر کے طور پر لی گئی اور اس کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر اسے خراج عقیدت پیش کیا۔

اسی بارے میں