برطانیہ کا عمر رسیدہ شیر ٹینگو نہیں رہا

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption خیال رہے کے شیروں کی عمر عام طور پر 16 برس سے زیادہ نہیں ہوتی ہے

برطانیہ کے سب سے عمر رسیدہ شیر ٹینگو جس کی عمر 22 سال تھی کی ملک کے علاقے لنکن شائر کے ایک وائلڈ لائف پارک میں موت واقع ہو گئی ہے۔

ووڈ سائیڈ نامی وائلڈ لائف پارک کی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ ہم انتہائی افسوس کے ساتھ ٹینگو نامی شیر کے مرنے کا اعلان کر رہے ہیں۔‘

خیال رہے کہ ٹینگو کو جرمنی کی ایک سرکس سے سنہ 2014 میں اس وائلڈ لائف پارک میں منتقل کیا گیا تھا۔

سرکس انتظامیہ ٹینگو اور اس کی ساتھی کو زیادہ عمر ہونے کے باعث مارنا چاہتی تھی تاہم ان دونوں کو بچا کر برطانیہ منتقل کر دیا گیا تھا۔

ٹینگو کی بیسویں سالگرہ دھوم دھام سے منائی گئی تھی اور اس کے لیے خصوصی کیک بنوایا گیا تھا۔

شیر کی بیسویں سالگیرہ کے موقعے پر اس کی دیکھ بھال کرنے والے ’بن پیسکو‘ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ یہ ایک 80 سالہ شخص کی طرح ہے، اور میں کسی ایسے 80 سالہ شخص کو نہیں جاتا جو اس عمر میں بھی بھاگ سکتا ہو۔‘

خیال رہے کے شیروں کی عمر عام طور پر 16 برس سے زیادہ نہیں ہوتی ہے۔

دنیا کا معمر ترین شیر ’فلاوئو‘ سنہ 2014 میں امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک جانوروں کے ریسکو سینٹر میں 25 سال کی عمر میں مرا تھا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں