بنگلہ دیشی سکواڈ میں الامین حسین کی واپسی

الامین حسین تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption 26 سالہ الامین حسین کو حال ہی میں افغانستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے لیے ٹیم میں جگہ نہیں ملی تھی

بنگلہ دیش نے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے کرکٹ میچوں کی سیریز کے ابتدائی دو میچوں کے لیے فاسٹ بولر الامین حسین کو ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔

26 سالہ الامین حسین کو حال ہی میں افغانستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے لیے ٹیم میں جگہ نہیں ملی تھی۔

متنازع بولنگ ایکشن درست قرار پانے کے بعد ستمبر میں انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کرنے والے تسکین احمد بھی انگلینڈ کے خلاف میچوں کے لیے بنگلہ دیشی سکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔

ان کے علاوہ آٹھ برس بعد افغانستان کے خلاف سیریز میں ٹیم میں واپس آنے والے 34 سالہ لیف آرم سپنر مشرف حسین بھی سکواڈ میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔

بنگلہ دیش اور انگلینڈ کی ٹیمیں پہلے ون ڈے میچ میں جمعے کو میر پور میں مدمقابل ہوں گی۔

دوسرا میچ بھی میرپور میں ہی کھیلا جائے گا جبکہ سیریز کے آخری میچ کی میزبانی چٹاگانگ کرے گا۔