انڈیا نے نیوزی لینڈ کو پہلے ون ڈے چھ وکٹوں سے شکست دے دی

ویراٹ کوہلی تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption کوہلی نے 85 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے

انڈیا نے نیوزی لینڈ کو دھرم شالہ میں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

نائب کپتان ویراٹ کوہلی کی شاندار اننگز کی بدولت انڈیا نے 191 رنز کا ہدف بہ آسانی 33 اوورز میں حاصل کر لیا۔

کوہلی نے 81 گیندوں میں نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 85 رنز بنائے اور آوٹ نہیں ہوئے۔

خیال رہے کہ یہ انڈیا کا 900 واں ون ڈے میچ تھا۔

انڈیا کے ہاردک پانڈیا کو عمدہ بولنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کا سکور کارڈ دیکھنے کے لیے کلک کریں

اتوار کو کھیلے جانے والے پہلے میچ میں انڈیا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہ رہا اور صرف 65 رنز پر اس کی سات وکٹیں گر چکی تھیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ٹم ساؤدی نے اس بار بیٹ سے اپنے کھیل کا مظاہرہ کیا

نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپنر ٹام لیتھم نے 79 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

فاسٹ بولر ٹم ساؤدی نے اپنی بہترین اننگز کے ذریعے نیوزی لینڈ کو ڈوبنے سے بچانے کی کوشش کی تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکے۔ انھوں نے اپنے کریئر کا بہترین سکور بنایا اور پہلی نصف سنچری سکور کی۔

انھوں نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دسویں نمبر پر آکر نصف سنچری بنانے کا ریکارڈ بھی بنایا۔

انڈیا کی جانب سے ہاردک پانڈیا اور امت مشرا نے تین ،تین وکٹیں لیں جبکہ امیش یادو اور کیدار جادھو کے حصے میں دو، دو وکٹیں آئیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ہاردک پانڈیا نے تین وکٹیں حاصل کیں

انڈیا کے لیے یہ قدرے آسان ہدف تھا اور اس نے اسے بہ آسانی حاصل کر لیا۔ کوہلی کے علاوہ اوپنر ریہانے نے 33 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے بریسویل، نیشم اور سوڈھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ کپتان دھونی 21 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

اس جیت کے ساتھ انڈیا کو پانچ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی سبقت حاصل ہو گئی ہے۔ دوسرا میچ 20 اکتوبر کو دہلی میں کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز میں انڈیا نے تینوں ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں