چٹاگانگ میں انگلینڈ اور بنگلہ دیش کا ٹیسٹ میچ دلچسپ مرحلے میں داخل

تصویر کے کاپی رائٹ AFP/Getty
Image caption معین علی نے اوپنر تمیم اقبال کی اہم وکٹ حاصل کی

چٹاگانگ میں بنگلہ دیش اور انگلینڈ کے مابین کھیلا جانے والا پہلا کرکٹ ٹیسٹ میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔

اتوار کو کھیل کے چوتھے دن انگلینڈ کے دوسری اننگز میں 240 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 286 رنز کا ہدف ملا۔

٭ میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

چوتھے دن کے کھیل کے اختتام پر بنگلہ دیش نے 253 رنز بنا لیے تھے تاہم اس کی صرف دو وکٹیں باقی بچی ہیں۔

دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کی جانب سے نصف سنچری بنانے والے صابر رحمان ٹاپ سکورر رہے ہیں جو تاحال کریز پر موجود ہیں۔

ان کے علاوہ امر القیس اور مشفق الرحیم نے بالترتیب 43 اور 39 رنز کی اننگز کھیلیں۔

انگلینڈ کی جانب سے اب تک بیٹی نے تین وکٹیں لی ہیں جبکہ معین علی اور سٹوئرٹ براڈ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption بین سٹوکس نے پہلی اننگز میں مجموعی طور پر چار وکٹیں حاصل کیں

اس سے قبل چوتھے دن انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز 228 رنز سے دوبارہ شروع کی تو اس کی بقیہ دو وکٹیں سکور میں 12 رنز کے اضافے کے بعد گر گئیں۔

انگلینڈ کی دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

اس میچ میں انگلینڈ نے پہلی اننگز میں بین سٹوکس کے 85 اور جونی بیئرسٹو کے 47 رنز کی بدولت 293 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 248 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال نے 78 اور مشفق الرحیم نے 48 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے بین سٹوکس نے چار، اور معین علی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں