ایشیئن چیمپیئز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف پاکستان انڈیا آمنے سامنے

پاکستانی ہاکی ٹیم تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption پاکستان سنہ 2012 میں یہ ٹورنامنٹ جیت چکا ہے

ایشیئن چیمپیئنز ٹرافی ہاکی مقابلے کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں پاکستان نے پنلٹی شوٹ آؤٹ میں ملائیشیا کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

اتوار کی شب کھیلے جانے والے فائنل میں پاکستان کا مقابلہ انڈیا سے ہوگا جہاں پاکستان اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔

پاکستان اور انڈیا اس ٹورنامنٹ کے ابتدائی راؤنڈ میں بھی آمنے سامنے آ چکے ہیں اور یہ میچ انڈیا نے دو کے مقابلے میں تین گول سے جیتا تھا۔

ملائیشیا کے شہر کونٹن میں سنیچر کو کھیلے جانے والے سیمی فائنل مقابلے میں مقابلہ مقررہ وقت میں ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔

مقررہ وقت میں دونوں ٹیمیں ابتدائی کوارٹر میں گول کرنے میں ناکام رہیں تاہم ملائیشیا کے شاہریل صباح نے دوسرے کوارٹر میں پنلٹی کارنر پر گول کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلوا دی۔

یہ برتری تیسرے کوارٹر میں میچ کے چونتیسویں منٹ تک قائم رہی جب پاکستان کے عبدالحسیم خان نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔

آخری کوارٹر میں دونوں ٹیموں کی گول کرنے کی کوشش بارآور ثابت نہیں ہو سکیں اور فیصلہ پنلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔

شوٹ آؤٹ میں پاکستان نے اپنی صرف ایک کوشش ضائع کی جبکہ ملائیشیا کے کھلاڑی تین مرتبہ گیند گول تک پہنچانے میں ناکام رہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اس ٹورنامنٹ میں انڈیا کی ٹیم تاحال ناقابلِ شکست رہی ہے

اس سے قبل انڈیا نے جنوبی کوریا کو پہلے سیمی فائنل میں بھی پنلٹی شوٹ آؤٹ پر ہی شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

اس میچ میں مقررہ وقت میں مقابلہ دو، دو گول سے برابر رہا جس کے بعد پنلٹی شوٹ آؤٹ میں انڈیا نے یہ میچ چار کے مقابلے میں پانچ گول سے جیت لیا۔

مقررہ وقت کے دوران انڈیا کی جانب سے پہلا گول پہلے کوارٹر میں تلوندر سنگھ نے کیا جسے دوسرے کوارٹر میں انوو سیو نے برابر کر دیا۔

تیسرے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں گول نہ کر سکیں تاہم چوتھے کوارٹر میں جیہن ینگ نے گول کر کے جنوبی کوریا کو برتری دلوائی جسے دو منٹ بعد رمن دیپ سنگھ نے ختم کر دیا۔

شوٹ آؤٹ میں دونوں ٹیموں نے چار چار گول کیے تاہم جنوبی کوریا کی جانب سے ڈایول لی پانچویں شاٹ سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور انڈیا نے یہ میچ جیت لیا۔

انڈیا کی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں تاحال ناقابلِ شکست رہی ہے۔

ایشیائی چیمپیئنز ٹرافی مقابلے تین برس کے تعطل کے بعد کھیلے جا رہے ہیں۔

ماضی میں انڈیا 2011 میں پاکستان کو شکست دے کر یہ ٹورنامنٹ جیت چکا ہے جبکہ 2012 اور 2013 میں ٹورنامنٹ کا فاتح پاکستان رہا تھا جس نے فائنل میں بالترتیب انڈیا اور جاپان کو ہرایا تھا۔

اسی بارے میں