انگلینڈ کے خلاف انڈین ٹیسٹ ٹیم کا اعلان

انڈین ٹیم تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption نئے کھلاڑی ہاردک پانڈیا کو ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے

انڈیا میں کرکٹ کے نگران ادارے بی سی سی آئی نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ میچوں کے لیے اپنی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی یہ سیریز نو نومبر سے انڈیا کے شہر راج کوٹ میں شروع ہو رہی ہے۔

انڈیا کے اہم بلے باز روہت شرما کو زخمی ہونے کے سبب ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ وہ وزاگ میں نیوزی لینڈ کے خلاف سنیچر کو کھیلے جانے والے میچ کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔

ان کے علاوہ سیلیکشن کمیٹی نے زخمی شیکھر دھون اور لوکیش راہل کو بھی منتخب نہیں کیا ہے جبکہ ایک عرصے کے بعد ٹیم میں شامل کیے جانے والے اوپنر گوتم گمبھیر ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

انگلینڈ کے خلاف فاسٹ بولر ایشانت شرما نے ٹیم میں واپسی کی ہے جبکہ آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا ٹیم میں شامل ہونے والے نئے کھلاڑی ہیں۔

اس سے قبل وہ ون ڈے ٹیم کا حصہ تھے لیکن انھوں نے ابھی تک ٹیسٹ میچز میں انڈیا کی نمائندگی نہیں کی ہے۔

انڈیا کی ٹیم کو منتخب کرنے کے لیے بدھ کی صبح ممبئی میں میٹنگ ہوئی جس میں پانچوں سلیکٹروں کے علاوہ بورڈ کے سیکریٹری اجے شرکے اور فیزیو پیٹرک فرہارٹ نے شرکت کی جبکہ کپتان وراٹ کوہلی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف تین صفر سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد انڈیا ٹیسٹ میچز میں نمبر ایک پر ہے جبکہ پاکستان اس کے بعد دوسرے نمبر پر چلی گئی ہے۔

دو ٹیسٹ میچز کے لیے انڈیا کی ٹیم :

وراٹ کوہلی (کپتان)، گوتم گمبھیر، مرلی وجے، چیتیشور پچارا، اجنکیا رہانے، آر ایشون، وریدیمان ساہا (وکٹ کیپر)، امت مشرا، محمد شامی، امیش یادو، ہاردک پانڈیا، جینت، روندر جڈیجا، ایشانت شرما اور کرون نایر۔

پہلا ٹیسٹ راجکوٹ میں نو نومبر سے کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا 17 نومبر سے وشاکھاپٹنم میں ہوگا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں