راجکوٹ ٹیسٹ: انگلینڈ کے 537 رنز کے جواب میں انڈیا کا پراعتماد آغاز

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption مرلی وجے اور گوتم گمبھیر نے انڈیا کو بہتر آغاز فراہم کیا ہے

راجکوٹ میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر انڈیا نے اپنی پہلی اننگز میں 63 رنز بنائے تھے اور اس کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا تھا۔

جمعرات کو جب دوسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو انڈیا کی جانب سے مرلی وجے 25 اور گوتم گمبھیر 28 رنز پر کھیل رہے تھے۔

اس سے قبل انگلینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 537 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ اس طرح انڈیا کو پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 474 رنز درکار ہیں۔

٭ تفصیلی سکور کارڈ کے لیے یہاں کلک کریں

انڈین نژاد انگلش کرکٹر حسیب کے ٹیسٹ کریئر کا آغاز

انڈیا سیریز کے بعد کک کپتانی سے سبکدوش ہو سکتے ہیں؟

انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ، معین علی اور بین سٹوکس نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی اپنی سنچریاں سکور کیں۔

جو روٹ 124، معین علی 117 اور بین سٹوکس 128 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ جونی بیرسٹو 46 اور ظفر انصاری 32 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption بین سٹوکس نے عمدہ انداز میں کھیلتے ہوئے سنچری سکور کی

انڈیا کی جانب سے رویندرا جدیجا تین، ایشون، محمد شامی، اومیش یادوو دو ، دو اور امت مشرا ایک وکٹ حاصل کر سکے۔

جمعرات کو انگلینڈ کی جانب سے معین علی اور بین سٹوکس نے اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں 62 رنز بنائے۔ معین علی کے آؤٹ ہونے کے بعد کریز پر جونی بیرسٹو آئے اور انھوں نے بین سٹوکس کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کی شراکت میں 99 رنز جوڑے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے انڈین نژاد انگلش کرکٹر حسیب حمیدنے اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کیا۔

بدھ کو شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں