بارش کے باعث ہوبارٹ ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل نہ ہوسکا

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption پہلے بارش اور بعد میں آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث امپائرز نے کھیل شروع نہ کرنے کا فیصلہ کیا

ہوبارٹ میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بارش کے باعث دوسرے روز کا کھیل نہ ہو سکا۔

جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 171 رنز بنا ئے ہیں اور اسے 86 رنز کی مجموعی برتری بھی حاصل ہے۔

اس سے قبل سنیچر کو میچ کے پہلے دن آسٹریلیا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 85 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

ابر آلود موسم اور خراب وکٹ پر جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو اس کا آغاز انتہائی خراب رہا اور صرف 17 رنز پر اس کی پانچ وکٹیں گر چکی تھیں۔

اس ٹیسٹ میچ کے لیے جنوبی افریقہ کو سٹرائک فاسٹ بولر ڈیل سٹین کی خدمات تو حاصل نہیں تھیں لیکن دیگر بولرز نے کپتان فاف ڈوپلیسی کو سٹین کی کمی محسوس نہ ہونے دی۔

Image caption یہ آسٹریلیا کا اپنے ہی میدان پر جنوبی افریقہ کے خلاف سب سے کم سکور ہے

جنوبی افریقہ کی جانب سے ورنن فیلینڈر نے 21 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے علاوہ کائل ایبٹ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے سب سے کامیاب بلے باز کپتان سٹیون سمتھ رہے جنھوں نے 48 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ سٹیون سمتھ کے علاوہ کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا جس کے باعث آسٹریلیا کی جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے ہی میدان پر سب سے کم سکور پر آؤٹ ہوگئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے اب تک سب سے کامیاب بلے باز ہاشم آملہ ہیں جو 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ میزبان ٹیم کی طرف سے مچل سٹارک نے تین کھللاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ورنن فیلینڈر نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن جب کھیل کا اختتام ہوا تو ٹیمبا بووما 38 اور کوئنٹن ڈی کاک 28 رنز پر کھیل رہے تھے۔

مہمان ٹیم کو مایاناز بلے باز اے بی ڈیویلیئرز اور ڈیل سٹین کی خدمات حاصل نہ ہوتے ہوئے بھی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری پہلے ہی حاصل ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں