ویسٹ انڈیر نے سری لنکا کو 62 رنز سے شکست دے دی

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن گیبریئل اور ایشلے نرس نے تین، تین، جیسن ہولڈر نے دو اور براتھ ویٹ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا

زمبابوے میں کھیلی جانے والی سہ فریقی کرکٹ سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کو 62 رنز سے شکست دے دی۔

سری لنکا کی پوری ٹیم 228 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 41.1 اوور میں 165 رنز ہی بنا سکی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

سری لنکا کی جانب سے کوشل پریرا اور ڈی سلوا نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں سات رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے پاتھی رانا نے دو چوکوں کی مدد سے 45 اور شیہان جے سوریا نے دو چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے۔

سری لنکا کے پانچ بیٹسمینوں کا سکور دوہرے ہندے میں پہنچنے میں ناکام رہا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن گیبریئل اور ایشلے نرس نے تین، تین، جیسن ہولڈر نے دو اور براتھ ویٹ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 49.2 اوورز میں 227 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور اس نے سری لنکا کو جیتنے کے لیے 228 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ویسٹ ایڈیز کی جانب سے جانسن چارلس اور براتھ ویٹ نے اننگز کا آغاز کیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جوناتھن کارٹر نے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 54 اور ہوپ نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 47 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے کالو سیکرا، سرنگا لکمل اور نوان پردیب نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بدھ کو کھیلے جانے والے اس ایک روزہ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیر کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔