وشاکھاپٹنم ٹیسٹ: انگلینڈ کو فتح کے لیے مزید 318 رنز درکار

انگلینڈ تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption انگلینڈ کی جانب سے اوپنرز الیسٹر کک اور حسیب حمید نے 75 رنز کا آغاز فراہم کیا

انڈیا اور انگلینڈ کے مابین وشاکھاپنٹم ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام تک مہمان ٹیم نے 405 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دو وکٹوں کے نقصان پر 87 رنز بنائے ہیں۔

انگلینڈ کی جانب سے اوپنرز الیسٹر کک اور حسیب حمید نے 75 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد حسیب حمید 25 رنز کے انفرادی سکور پر ایشون کی گیند پر ایل پی ڈبلیو ہوگئے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

چوتھے روز کے کھیل کے آخری اوور میں کپتان کک رویندر جاڈیجہ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، انھوں نے 54 رنز بنائے۔

انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے مزید 318 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی آٹھ وکٹیں باقی ہیں۔

اس سے قبل انڈیا کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 205 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

انڈیا کی دوسری اننگز میں وراٹ کوہلی 81، جینت یادو 27 اور ریہانے 26 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ باقی کھلاڑیوں میں کوئی بھی نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔

دوسری اننگز میں انگلینڈ کے عادل رشید اور سٹوارٹ براڈ نے چار، چار اور معین علی اور اینڈرسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یاد رہے کہ انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر ہار جیت کے فیصلے کے ختم ہو گیا تھا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں