محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن کلیئر

حفیظ تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption محمد حفیظ نے اب تک 50 ٹیسٹ میچوں میں 52 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کو کلیئر قرار دے دیا گیا ہے اور اب وہ دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ میں بولنگ کرسکیں گے۔

واضح رہے کہ محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا بایو مکینک ٹیسٹ سترہ نومبر کو برسبین میں ہوا تھا۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ اس بایو مکینک ٹیسٹ کی رپورٹ کے مطابق محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن آئی سی سی کی پندرہ ڈگری کی مقرر کردہ حد میں ہے لہذا انہیں انٹرنیشنل کرکٹ میں دوبارہ بولنگ کرنے کی اجازت ہوگی۔

محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن پہلی بار نومبر2014 ء میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ابوظہبی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں رپورٹ ہوا تھا۔

محمد حفیظ نے اپنے بولنگ ایکشن کا بایو مکینک ٹیسٹ گزشتہ سال اپریل میں چنئی کی لیبارٹری میں دیا تھا اور ان کا بولنگ ایکشن کلیئر قرار دے دیا گیا تھا لیکن وہ جون 2015 ء میں دوسری مرتبہ مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آگئے جب پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے امپائرز نے ان کے بولنگ ایکشن کے بارے میں آئی سی سی کو رپورٹ کی تھی۔

آئی سی سی کے قواعد وضوابط کے تحت اگر کوئی بولر ایک سال میں دو بار مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آجائے تو اس پر ایک سالہ پابندی عائد ہوجاتی ہے۔

محمد حفیظ گزشتہ کچھ عرصے گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا رہے جس کی وجہ سے ان کے بولنگ ایکشن کا بایو مکینک ٹیسٹ تاخیر کا شکار رہا تھا۔

محمد حفیظ انگلینڈ کے دورے کے بعد سے پاکستانی ٹیم سے باہر ہیں۔

انہیں ویسٹ انڈیز کے خلاف شارجہ میں کھیلے گئے سہ روزہ میچ میں موقع دیا گیا تھا لیکن وہ دونوں اننگز میں قابل ذکر اسکور نہ کرسکے۔

محمد حفیظ ان دنوں جاری قائداعظم ٹرافی میں سوئی نادرن گیس کی نمائندگی کررہے ہیں لیکن پانچ میچوں میں تین نصف سنچریاں بنانے کے بعد وہ اگلے میچوں میں کسی قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں