دورۂ آسٹریلیا کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ میں صرف دو ٹیسٹ کھیل رہی ہے

آسٹریلیا میں کھیلی جانے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے والی ٹیم میں کوئی ردوبدل نہیں کی گئی ہے۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اتوار کو کراچی میں اپنے ساتھی سلیکٹرز سے مشاورت کے بعد پیر کو کپتان مصباح الحق سے بھی ملاقات کی جس میں کوئی تبدیلی نہ کرنے پر اتفاق پایا گیا۔

آسٹریلیا کے دورے کے لیے محمد حفیظ اور کامران اکمل کی ممکنہ شمولیت پر کافی دنوں سے ذرائع ابلاغ میں قیاس آرائیاں جاری تھیں لیکن محمد حفیظ قائد اعظم ٹرافی میں قابل ذکر کارکردگی دکھا کر اپنی واپسی کے امکانات روشن کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

کامران اکمل قائد اعظم ٹرافی میں چار سنچریوں اور تین نصف سنچریوں کی مدد سے 826 رنز بناچکے ہیں اور انھوں نے صرف بیٹسمین کے طور پر کھیلنے کی خواہش بھی ظاہر کررکھی ہے لیکن چھ سال قبل اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے کامران اکمل کی ٹیسٹ کرکٹ میں بیٹنگ اوسط 30 ہے اور اس وقت پاکستانی بیٹنگ لائن میں ان کی جگہ بھی نہیں بنتی دکھائی دیتی۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اعلان کردہ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

مصباح الحق ( کپتان ) اظہرعلی۔ سمیع اسلم۔ اسد شفیق۔ یونس خان۔ سرفراز احمد۔ بابراعظم۔ شرجیل خان۔ محمد رضوان۔ وہاب ریاض۔ محمد عامر۔ سہیل خان۔ راحت علی۔ عمران خان۔ یاسر شاہ اور محمد نواز ۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 15 دسمبر سے برسبین میں کھیلا جائے گا۔ یہ ڈے نائٹ ٹیسٹ ہوگا۔

دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے میلبرن میں ہوگا جبکہ سڈنی تین جنوری سے ہونے والے آخری ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا۔

اسی بارے میں