انڈیا نے پاکستان کو ہرا کر ایشیا کپ ویمنز ٹی 20 کپ جیت لیا

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption انڈیا کے لیے انوجا پٹیل، جھلاں گوسوامی، شیخا پانڈے، اور پریتی بھوس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ ایکٹا بھشک نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

تھائی لینڈ میں کھیلے گئے ایشیا کپ ویمنز ٹی 20 کے فائنل میں انڈیا نے پاکستان کو 17 رنز سے شکست دے دی ہے۔

ٹاس جیت کر انڈیا کی ٹیم نے پاکستان کو 122 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم مقررہ اووروں میں پاکستانی ٹیم چھ وکٹوں کے نقصان پر 104 رنز بنا سکی۔

٭ میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

میچ کی بہترین کھلاڑی انڈیا کی اوپنر متھالی راج رہیں جنھوں نے 73 رنز بنائے۔ وہ ٹورنامنٹ کی بھی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔

انڈیا کی دیگر بلے باز اس میچ میں کوئی نمایاں کارکردگی نہیں کر سکیں۔ متھالی راج کے علاوہ دس کا ہندسہ عبور کرنے والی واحد انڈیئن بلے باز چھٹے نمبر پر آنے والی جھلاں گوسوامی تھیں جنھوں نے 17 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے انم امین نے دو جبکہ ثنا میر اور سعدیہ یوسف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ انڈیا کی ایک وکٹ رن آوٹ کے ذریعے بھی گری تھی۔

جب پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو کوئی بھی پاکستانی بلے باز جم کے نہ کھیل سکیں۔ آئشہ ظفر، جویریہ خان، اور بسمہ معروف کو اچھے سٹارٹ ملے تاہم وہ ان کو بڑی اننگز میں تبدیل نہیں کر سکیں۔

انڈیا کے لیے انوجا پٹیل، گوسوامی، شیخا پانڈے، اور پریتی بھوس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ ایکتا بھشک نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

اس ٹورنامنٹ میں نیپال، بنگلہ دیش، اور تھائئ لینڈ کی ٹیموں نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں