آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی ون ڈے ٹیم کا اعلان، عرفان کی واپسی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption محمد عرفان آخری بار انگلینڈ کے خلاف ہیڈنگلے میں ون ڈے کھیلے تھے جس میں انھوں نے جیسن روئے اور ایلکس ہیلز کی وکٹیں حاصل کی تھیں

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے 15 رکنی پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز 13 سے 26 جنوری تک کھیلی جائے گی۔

ٹیم میں فاسٹ بولر محمد عرفان ایک مرتبہ پھر جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ محمد عرفان آخری بار انگلینڈ کے خلاف ہیڈنگلے میں ون ڈے کھیلے تھے جس میں انھوں نے جیسن روئے اور ایلکس ہیلز کی وکٹیں حاصل کی تھیں۔ لیکن صرف پانچ اوورز کرانے کے بعد ان فٹ ہوگئے تھے جس پر کوچ مکی آرتھر نے سخت ناراضی ظاہر کی تھی۔

حال ہی میں محمد عرفان نے قومی ون ڈے ٹورنامنٹ میں واپڈا کی طرف سے کھیلتے ہوئے چار میچوں میں چھ وکٹیں حاصل کی ہیں۔

قائداعظم ٹرافی کے بعد قومی ون ڈے ٹورنامنٹ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کامران اکمل سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

کامران اکمل نے قائداعظم ٹرافی میں پانچ سنچریوں اور تین نصف سنچریوں کی مدد سے1035 رنز بنائے تھے جبکہ وہ اب تک قومی ون ڈے ٹورنامنٹ کے سات میچوں میں دو سنچریوں اور ایک نصف سنچری کی بدولت 361 رنز بنا چکے ہیں۔

کامران اکمل ٹیم میں وکٹ کیپر سرفراز احمد کی موجودگی میں بیٹسمین کی حیثیت سے کھیلنے کی خواہش ظاہر بھی کرچکے ہیں۔

ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ٹیم سے باہر ہونے والے احمد شہزاد کی بھی واپسی نہیں ہوسکی ہے جو قومی ون ڈے ٹورنامنٹ میں دو سنچریاں اور دو نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔

محمد حفیظ بھی سلیکٹرز کا اعتماد حاصل نہ کرسکے۔ عام خیال یہی تھا کہ بولنگ ایکشن کلیئر ہونے کے بعد وہ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوسکیں گے۔

محمد حفیظ نے قومی ون ڈے ٹورنامنٹ کے سات میچوں میں تین نصف سنچریاں بنانے کے علاوہ گیارہ وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔

اعلان کردہ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ اظہرعلی (کپتان)، شرجیل خان، بابراعظم، شعیب ملک، اسد شفیق، عمراکمل، سرفراز احمد۔، محمد رضوان، عماد وسیم، محمد نواز، وہاب ریاض، محمد عامر، حسن علی، محمد عرفان، راحت علی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں