والدہ کا انتقال، محمد عرفان کی واپسی، جنید آسٹریلیا روانہ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عرفان والدہ کے انتقال کے سبب آسٹریلیا سے وطن واپس آرہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ محمد عرفان دورہ چھوڑ کر وطن واپس آرہے ہیں۔

فاسٹ بولر جنید خان کو محمد عرفان کی جگہ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے والی پاکستانی ون ڈے ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی بھی کھلاڑی کے لیے فی الحال پہلے ون ڈے سے پہلے آسٹریلیا پہنچنا ممکن نہیں ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعہے کو برسبین میں کھیلا جائے گا۔

محمد عرفان آخری بار گذشتہ سال انگلینڈ کے خلاف ہیڈنگلے میں ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے تھے لیکن فٹنس مسائل کا شکار ہوگئے تھے۔

جنید خان اپنا آخری ون ڈے انٹرنیشنل مئی2015 میں زمبابوے کے خلاف لاہور میں کھیلے تھے جبکہ انہوں نے آخری ٹیسٹ جون 2015 میں سری لنکا کے خلاف کولمبو میں کھیلا تھا تاہم وہ گزشتہ کچھ عرصے فٹنس مسائل کا شکار رہنے کے سبب پاکستانی ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہوسکے تھے۔

جنید خان نے اتوار کے روز قومی ایکروزہ ریجنل کرکٹ ٹورنامنٹ میں پشاور کی طرف سے فاٹا کے خلاف میچ میں چار وکٹیں حاصل کی ہیں اس سے قبل انہوں نے حالیہ بنگلہ دیشی پریمیر لیگ میں بھی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے بیس وکٹیں حاصل کی تھیں جو ڈواین براوو کی اکیس وکٹوں کے بعد کسی بھی بولر کی سب سے زیادہ وکٹیں تھیں۔

اسی بارے میں