اعصام اور میٹکوسکی اے ایس بی کلاسک کے فاتح

ٹینس تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اعصام الحق قریشی کا کہنا تھا کہ وہ رواں ہفتے اپنی کارکردگی سے بے حد خوش ہیں

پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی اور پولش کھلاڑی مرسن میٹکوسکی کی جوڑی نے اے ایس بی کلاسک ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

نیوزی لینڈ‌ کے شہر آکلینڈ میں سنیچر کو کھیلے گئے فائنل مقابلے میں اعصام الحق اور میٹکوسکی کی جوڑی نے اسرائیلی کھلاڑی جوناتھن ارلچ اور امریکی کھلاڑی سکاٹ لپسکی کی جوڑی کو 6-1، 2-6 اور 3-10 سے شکست دی۔

ارلچ اور لپسکی نے پہلا سیٹ 23 منٹ میں اپنے نام کر لیا تاہم اس کے بعد پاکستانی اور پولش کھلاڑی کی جوڑی میچ میں بھرپور طریقے سے واپس آئی۔

61 منٹ جاری رہنے والے میچ میں اعصام الحق اور میٹکوسکی نے تین بریک پوائیٹس کا فائدہ اٹھایا اور ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

اعصام الحق قریشی اور مرسن میٹکوسکی کی جوڑی نے پہلے راؤنڈ میں ریان ہیریسن اور جان اسنر کو اور کوارٹر فائنل میں سانتیاگو گونزالیز اور ڈیوڈ مریرو کو زیر کیا گیا۔

سیمی فائنل میں اس جوڑی نے مارکس ڈینئل اور مرسیلو ڈمولینر کو 4-6 اور 4-6 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

فائنل میچ میں کامیابی کے بعد اعصام الحق قریشی کا کہنا تھا کہ 'میں رواں ہفتے اپنی کارکردگی سے بے حد خوش ہوں اور خاص طور پر جس انداز میں ہم میچوں میں واپس آئے اور یہ اعزاز اپنے نام کیا۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'جس انداز میں ہم نے دباؤ اور تمام میچوں میں صورتحال کا سامنا کیا اس پر میں واقعی خوش ہوں اور فخر محسوس کررہا ہوں۔'

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں