’عرفات سنی پر گرل فرینڈ کی ذاتی تصاویر شائع کرنے کا الزام‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اگر عرفات سنی پر جرم ثابت ہو جاتا ہے تو انھیں 14 سال جیل یا 126340 ڈالر جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

بنگلہ دیش میں پولیس نے قومی کرکٹر عرفات سنی کو مبینہ طور پر ان کی گرل فرینڈ کی ذاتی تصاویر شائع کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔

اتوار کے روز مقامی پولیس کے سربراہ جمال الدین میر کا کہنا تھا کہ 30 سالہ کرکٹر عرفات سنی کو ان کی گرل فرینڈ کی جانب سے دو ہفتے قبل جمع کروائی جانے والی درخواست پر ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔

لیفٹ آرم سلو بولر عرفات سنی پر ان کی گرل فرینڈ کے ساتھ ذاتی تصاویر سوشل میڈیا پر شائع کرنا کا الزام ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ان کی گرل فرینڈ کا کہنا ہے کہ ’عرفات سنی نے ان کے نام کا جعلی فیس بک اکاؤنٹ بنایا اور اس پر ان دونوں کی ذاتی تصاویر شائع کر دیں، جو کہ ان کے مطابق جرم اور ہتک آميز ہے۔‘

پولیس سربراہ کے مطابق: ’ہم نے عرفات کو گرفتار کرنے کے بعد عدالت بھیجا ہے تاکہ انھیں تفتیش کے لیے مزید پانچ دن حراست میں رکھنے کی اجازت لی جا سکے۔‘

اگر عرفات سنی پر جرم ثابت ہو جاتا ہے تو انھیں 14 سال جیل یا 126340 ڈالر جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

عرفات سنی کی جانب سے تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیگٹیو نظام الدین چوہدری نے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ ’یہ ان کا ذاتی معاملہ دکھائی دے رہا ہے۔ فی الحال ہم اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے، لیکن ہم اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

عرفات سنی بنگلہ دیش کی جانب سے 16 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیل چکے ہیں جس میں انھوں نے 24 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ اس کے علاوہ انھوں نے دس ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 12 وکٹیں لی ہیں۔

بنگلہ دیش کی جانب سے قومی ٹیم میں کھیلنے والے یہ تیسرے کرکٹر ہیں جنھیں حالیہ سالوں میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ روبیل حسین اور شہادت حسین بھی جیل جا چکے ہیں۔

اسی بارے میں