آل راؤنڈر معین علی پاکستان سپر لیگ ٹورنامنٹ سے باہر

معین علی تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

پاکستان سپر لیگ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی کی جگہ آسٹریلیا کے آل راؤنڈر بریڈ ہوج کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق معین علی نے بتایا ہے کہ وہ خاندانی مصروفیات کے سبب ٹورنامنٹ کے دنوں میں دستیاب نہیں ہو گے۔

معین علی کو ایک دن پہلے ہی پیر کو لاہور میں منعقدہ ڈرافٹ کے ذریعے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل کیا گیا تھا۔

دوسری جانب سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی میں بھی ایک تبدیلی ہوئی ہے اور اب بنگلہ دیش کے بلے باز تمیم اقبال کی جگہ انگلینڈ کے آل راؤنڈر سمیت پٹیل کو شامل کیا گیا ہے۔

تمیم اقبال اپنی ٹیم کی مصروفیات کی وجہ سے سپر لیگ میں پشاور زلمی کے تمام میچوں کے لیے دستیاب نہیں ہو گے اور ان کے واپس جانے کے بعد سمیت پٹیل ان کی جگہ لیں گے۔

پاکستان سپر لیگ 2 کا آغاز رواں سال نو فروری سے متحدہ عرب امارات میں ہوگا اور فائنل سات مارچ کو کھیلا جائے گا۔

رواں سال ہونے والی پاکستان سپر لیگ میں گذشتہ سال کے مقابلے میں میچز کی تعداد بھی 16 سے بڑھا کر 18 کر دی گئی ہے۔

اسی بارے میں