آسٹریلین اوپن: ولیمز سسٹرز فائنل سے ایک میچ دور

امریکہ تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption امریکہ کی سرینہ ویلیمز سیمی فائنل تک پہنچنے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہی ہیں

آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں جاری اس سال کے پہلے ٹینس گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن میں امریکہ کی ولیمز سسٹرز، سرینا ولیمز اور وینس ولیمز کے مابین فائنل کا امکان بڑھتا جا رہا ہے۔

بدھ کو کھیلے گئے کوارٹر فائنلز میں سرینا ولیمز نے برطانیہ کی جوانا کونٹا کو باآسانی سٹریٹ سیٹس میں 6-2 ، 6-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی جہاں وہ کل کروشیا کی مرجانا لوچچ بارونی کے مدمقابل ہوں گی۔

مرجانا لوچچ بارونی نے ایک اور کوارٹر فائنل میچ میں جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا کو سخت مقابلے کے بعد تین سیٹس میں 6-4، 3-6، 6-4 کے سکور سے شکست دی۔

سرینا ولیمز ٹینس کی نئی بلندیوں سے ہمکنار

سرینا کی بڑی بہن، 36 سالہ وینس ولیمز پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ بنا چکی ہیں جہاں وہ ہم وطن کو کو واندے ویگھ کے خلاف کل اپنا میچ کھیلیں گی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Google
Image caption سؤٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر اپنے ہم وطن سٹینسیلاس واورنکا کے خلاف کل سیمی فائنل کھیلیں گے

ادھر مردوں کے مقابلوں میں آج کھیلے گئے پہلے میچ میں بلغاریہ کے گریگور دیمیتروو نے بیلجیئم کے ڈیوڈ گوفن کو تین سیٹس 6-3، 6-2، 6-4 میں شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے۔

وہاں ان کا سامنا سپین کے رافیل نڈال یا کینیڈا کے ملاس راؤنچ کے میچ کے فاتح کے ساتھ ہو گا۔

کل مردوں کا پہلا سیمی فائنل سؤٹزرلینڈ کے دو کھلاڑیوں، راجر فیڈرر اور سٹینسیلاس واورنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

سابق نمبر ایک کھلاڑی اور سب سے زیادہ گرینڈ سلیم جیتنے والے 35 سالہ فیڈرر ٹینس سے چھ ماہ کی دوری کے بعد اپنا پہلا ٹورنامنٹ کھیل رہے ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں